عادل گیلانی کو سفیر بنانے پر سندھ اسمبلی میں احتجاج

عادل گیلانی کو سفیر بنانے پر سندھ اسمبلی میں احتجاج

  

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ عادل گیلانی کو سربیا میں پاکستانی سفیر متعین کرنے کے فیصلے پر جمعرات کو ایک مرتبہ پھر سندھ اسمبلی میں سخت احتجاج کیا ہے ۔ ایوان کی کارروائی کے دوران پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر سکندر شورو نے اپنے ایک پوائنٹ آف آرڈر پر کہاکہ وفاقی حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی کے نتیجے میں پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم اور ان کے خاندان نے اپنی کرپشن کے کارناموں کے سبب اس شعبے میں ڈگری حاصل کر لی ہے ۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ گذشتہ ساڑھے تین سال کے دوران پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پر تو بیڈ گورننس اور کرپشن کے الزامات لگاتے رہے ہیں لیکن وفاقی حکومت کی کوئی کرپشن انہیں نظر نہیں آئی ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں محب وطن لوگوں کو سفیر مقرر کیا جاتا ہے ، جو وہاں پاکستان کے مفادات کا تحفظ کر سکیں لیکن عادل گیلانی جیسا شخص بیرون ملک پاکستان کا نہیں بلکہ شریف خاندان کے مفادات کا تحفظ کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ سربیا میں سفیر کا عہدہ کسی غدار کو نہیں محب شخص کو دیا جائے اور عادل گیلانی کو اس عہدے سے ہٹایا جائے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -