کلبھوشن کے معاملے پر بھارتی درخواستیں موصول ہوئیں ہیں،بھارتی جاسوس کو اعتراف جرم کے بعد سزا سنائی گئی :نفیس ذکریا

کلبھوشن کے معاملے پر بھارتی درخواستیں موصول ہوئیں ہیں،بھارتی جاسوس کو ...
کلبھوشن کے معاملے پر بھارتی درخواستیں موصول ہوئیں ہیں،بھارتی جاسوس کو اعتراف جرم کے بعد سزا سنائی گئی :نفیس ذکریا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادوکے معاملے پر بھارت کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں،انڈیا کے ساتھ ہمارا معاہدہ موجود ہے ،گرفتار یا سزا پانے والوں کا معاملہ میرٹ پر حل کیا جائے گا ،کرنل (ر) حبیب کے لاپتا ہونے پر نیپال حکومت سے رابطے میں ہیں اور وہ اس ضمن میں تعاون بھی کر رہے ہیں،پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ،بھارتی جاسوس کے اعتراف جرم کے بعد ملکی قوائد و ضوابط کو سامنے رکھتے ہوئے کلبھوشن یادو کو سزا سنائی گئی ۔

سرکاری ٹی وی ’’پی ٹی وی نیوز ‘‘ کے پروگرام ’’براہ راست ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادو پاکستان کے خلاف تخریبی کارروائیوں سمیت یہاں دہشت گردی پھیلانے میں مصروف عمل تھا،اعتراف جرم کے بعد تمام ملکی قوائد و ضوابط کو سامنے رکھتے ہوئے بھارتی جاسوس کو سزا سنائی گئی ،مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے بڑا ہی تفصیلی اور جامع موقف دیا ہے،معاملہ صرف کلبھوشن یادیو کا ہی نہیں ،بلکہ بھارت کا پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت کا ہے، جس میں اس کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، اس لیے سب کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کو باریک بینی سے دیکھیں۔ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں نہ صرف دہشت گردی میں ملوث تھا بلکہ یہاں تخریب کاری کی کارروائیوں سمیت دہشت گردوں کی مالی معاونت بھی کر رہا ہے ،وزیراعظم نے جس موثر طریقے سے مسئلہ کشمیر اورکشمیریوں کی آواز کو عالمی برادری کے سامنے پیش کیا ہے اس سے بھارت کے مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بھی سب کے سامنے آ چکے ہیں،بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ایسی ایسی خلاف ورزیاں کر رہا ہے جنہیں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرنل (ر)حبیب کو نیپال نے ملازمت کے لیے بلایا تھا جہاں ان کا انٹرویو تھا، ہم نے نیپال حکومت سے رابطہ کیا ہے اور اس ضمن میں وہ ہمارے ساتھ تعاون بھی کر رہے ہیں۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -