گھریلو استعمال کی مصنوعات کی زبردست طلب ہے، شیخ فاروق یوسف

گھریلو استعمال کی مصنوعات کی زبردست طلب ہے، شیخ فاروق یوسف

فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر شیخ فاروق یوسف نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ فیصل آباد ملک کے اہم ترین کاروباری مرکز کے طور پر ابھرا ہے جس سے فائدہ اٹھانے کیلئے صنعتی ، تجارتی اور کاروباری اداروں کو جدید سائنسی بنیادوں پر اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کرنا ہوگی۔ وہ آج ملٹی فوم بنانے والے ادارے کے تعاون سے فیصل آباد میں لگائے جانے والے پہلے فرنیچر ایکسپو سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں 38 فیصد کا گرانقدر حصہ ڈالنے کے علاوہ فیصل آباد 85 لاکھ کی آبادی کی بہت بڑی منڈی بھی ہے جہاں خاص طو رپر گھریلو استعمال کی ہر قسم کی مصنوعات کی زبردست طلب ہے۔ جس کو پورا کرنے کیلئے مقامی صنعتی اداروں کے علاوہ معیاری اشیاء تیار کرنے والے دیگر شہروں کے صنعتی اداروں کے لئے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد کی معاشی حالت میں بہتری سے لوگوں کی قوت خرید میں اضافہ ہوا اوراس نے اس کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے اب یہاں ملٹی نیشنل کے ساتھ ساتھ قومی ادارے بھی اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے فرنیچر ایکسپو کو فرنیچر اور خاص طور پر فوم بنانے والے اداروں کیلئے مارکیٹنگ کا سنہری موقع قرار دیا اور کہا کہ اس میں ملک کی 50 سے زائد اہم برانڈ اپنی مصنوعات پیش کر رہے ہیں جن میں ملٹی فوم کے علاوہ لوٹس،آفکس ،وڈکیسل،امیر برادرز ، فرنیچر کنگڈم، ماسٹر وال، ماسٹر ہوم، آفی سیز او ر ای فائروغیرہ شامل ہیں۔ شیخ فاروق یوسف نے لائل پور جمخانہ میں لگائی جانے والی اس نمائش کے مختلف سٹالوں کا دورہ کیا اور مختلف اداروں کی مصنوعات کے معیار کو سراہا۔ آخر میں مولٹی فوم کی برانڈ ایمبسٹر سمیرا حسین نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر شیخ فاروق یوسف کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی۔ اس موقع پر ہارون شاہ، عبداللہ شاہ، محمد عمار اور محمد جمال بھی موجود تھے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...