لاہور چیمبر میں تین روزہ گلگت بلتستان فیسٹیول شروع

لاہور چیمبر میں تین روزہ گلگت بلتستان فیسٹیول شروع

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تین روزہ گلگت بلتستان فیسٹیول شروع ہوگیا جس کا افتتاح گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا خان فدا اور لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کیا۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فیسٹیول میں ہربل مصنوعات، جم سٹون، ووڈ کرافٹ ، زرعی مصنوعات اور سیاحت کے شعبوں سے متعلقہ سٹال لگائے گئے تھے۔ صوبائی وزیر فدا خان فدا نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت سیاحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، خصوصی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے جبکہ سیاحت کے لیے کشش رکھنے والے مقامات اپ گریڈ کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے حالات درست ہونے سے سیاحوں کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے پاکستان دنیا کے بہترین ممالک میں سے ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان فیسٹیول منعقد کروانے پرلاہور چیمبر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

۔

لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ سیاحت کے لیے کشش رکھنے والی جگہوں پر انفراسٹرکچر اور ان کے متعلق معلومات کا فقدان سیاحت کے شعبے کو بْری طرح متاثر کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان بہت باصلاحیت علاقہ ہے لیکن بہترین روڈ نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے اس سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا، اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت بہت بڑی صنعت ہے، اس کی طرف توجہ دی جائے تو یہ معیشت کو اربوں ڈالر کا فائدہ دے سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر سیاحت کی پوٹینشل کو اْجاگر کرنے اور اس کی بہتری کے لیے لاہور چیمبر اپنا بہترین کردار ادا کرتا رہے گا۔ ملک طاہر جاوید نے مزید کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفیر پاکستان میں سیاحت کی صنعت کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کے لیے اقداما ت اٹھائیں۔

مزید : کامرس