زارا نورعباس کا تنقید کرنے والی ماڈلز کومنہ توڑ جواب
لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ زارا نورعباس نے تنقید کرنے والی ماڈلز کومنہ توڑ جواب دیا ہے۔اداکارہ نے حال ہی میں جاری ایف این کے ایشیاء فیشن ویک پاکستان کے ریمپ پر واک کی، جس دوران وہ نہایت پرجوش نظر آئیں۔جہاں لوگوں نے ان کے اس انداز کو پسند کیا، وہیں کئی افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا، اور تنقید کرنے والوں میں پاکستان کی چند ماڈلز بھی شامل تھیں۔ان ماڈلز نے زارا نور عباس کے ریمپ پر چلنے کے انداز کا مذاق ایک ویڈیو کے ذریعے بنایا جو سوشل میڈیا پر وائرل تو ہوئی جبکہ بعدازاں اداکارہ زارا نے بھی اسے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا۔اس ویڈیو کو شیئر کرنے کے ساتھ زارا نے خود کا مذاق اڑانے والی ماڈلز کو جواب تو دیا، لیکن اپنے جواب میں انہوں نے کسی کا نہ تو مذاق اڑایا اور نہ ہی کسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔زارا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’خواتین دوسری خواتین کو آگے نہیں بڑھاتی، وہ اس طرح دوسری خواتین کا مذاق اڑاتی ہیں، ان تمام افراد کے لئے یہ بہت دکھ کی بات ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی جدوجہد کررہے ہیں، وہ یہ نہیں جانتے کہ خواتین خود ہی دوسری خواتین کو آگے نہیں بڑھنے دینا چاہتی‘۔ریمپ پر اپنے انداز کا حوالہ دیتے ہوئے زارا نے لکھا کہ ’میں ایک اداکارہ ہوں، میں ماڈل نہیں ہوں۔زارا نے یہ بھی واضح کیا کہ جس کلیکشن کی نمائش کے لیے وہ ریمپ پر موجود تھیں اس کا نام ’جنگجو شہزادی‘ (Warrior princess) رکھا گیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ریمپ پر اس انداز میں واک کی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اپنے شو میں تھوڑا ڈرامہ شامل کرنے کے لیے ہی ڈیزائنرز اداکاروں کو شو سٹاپر کے طور پر منتخب کرتے ہیں، پھر چند کو یہ پسندآتا ہے اور کچھ اسے پسند نہیں کرتے۔