ملک کو درپیش بحرانوں پر آرمی چیف کے تحفظات چشم کشا ہیں،عبدالعلیم

ملک کو درپیش بحرانوں پر آرمی چیف کے تحفظات چشم کشا ہیں،عبدالعلیم

لاہور( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش اندرونی بحرانوں پر آرمی چیف کے خدشات اور تحفظات انتہائی چشم کشا ہیں اور ہر محب وطن شہری افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے جس کے جوانوں نے دہشتگردی کے خاتمے اورقومی سرحدو ں کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں،انہوں نے کہا کہ موجودہ کمزور ترین حکومت اور ملک کو درپیش سیاسی بحران مسائل کی اہم وجہ ہو سکتی ہے ،تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک کو مضبوط بنانے کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی ،عبدالعلیم خان نے لاہور کینٹ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تا حیات نا اہل نواز شریف کی سیاست کو اب کوئی بیساکھی سہارا نہیں دے سکتی ۔

پاکستان کا مستقبل عمران خان کی لیڈر شپ سے وابستہ ہے اور انشاء اللہ آنے والا ہر دن ملک گیر تبدیلی کی جانب پیش قدمی کرے گا ، انہوں نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کی سیاست اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھنے لگی ہے بڑے بھائی کیخلاف فیصلے پر پوری قوم خوشی سے سرشار ہے جبکہ چھوٹے کی باری بھی آنے والی ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ آمریت کی گود میں پل کر خود کو ملک کا سیاسی وارث سمجھنے والوں کی خوش فہمیاں دور ہوجانا چاہیں،قوم سمجھ چکی ہے کہ کرپشن کی کمائی کیلئے ملکی مفادات کا سودا کرنے والوں کی حمایت اجتماعی خودکشی کے مترادف ہے،اسی لئے نواز شریف کی نااہلی کو تاحیات قرار دینے پر 15یا 20نعرے بازوں کے سوا کسی نے سٹرکوں پر آنا بھی ضروری نہیں سمجھا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ کرپٹ ٹبر کو اچھی طرح معلوم ہے کہ بڑے میاں کو کیوں نکالا؟درباری اور حواری عدالت پر غصہ تو نکال کر اپنی چوری نہیں چھپا سکتے، فیصلوں کو بغض اور انا قرار دینے والوں کو اپنے انجام سے ڈر لگ رہا ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی عوامی رابطہ مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،عمران خان کا کرپشن فری پاکستان کا خواب پورا کرنے کیلئے گھر گھر جائیں گے، ترقی اور خوشحالی کاس خواہاں ہر باشعور شہری پی ٹی آئی کا کارکن ہے،ملک گیر تبدیلی کی لہر کرپٹ مافیا کو بہا لیجائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...