حکومت نے خواتین کی فلاح و بہبود اور تحفظ کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں،بشریٰ امان

حکومت نے خواتین کی فلاح و بہبود اور تحفظ کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں،بشریٰ ...

لاہور(لیڈی رپورٹر ) صوبائی سیکرٹری برائے محکمہ ترقی خواتین پنجاب بشریٰ امان نے کہا ہے کہ حکومت نے وویمن پیکیجز کے تحت خواتین کی فلاح و بہبود اور تحفظ کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں ۔وہ ماڈل ٹاؤن بس سٹاپ پر محکمہ ترقی خواتین پنجاب ، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی اور UN وویمن کے زیر اہتمام خواتین کیلئے محفوظ بس سٹاپ مہم کے تحت عوامی آگاہی پوسٹرز آویزاں کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر ر ہی تھیں۔ اس موقع پر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی چیف ایگزیکٹو مریم خاور ، UNوویمن حوریہ سیدہ ، عورت فاؤنڈیشن کی سارہ شیراز اور دیگر بھی موجود تھے ۔ بشریٰ امان اور مریم خاور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پینل کوڈ ایکٹ 509کے تحت خواتین کو عوامی مقامات بشمول بس سٹاپ پرہراساں کرنے والے کو تین سال قید ،پانچ لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہراساں کیے جانے کی صورت میں وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ www.wdd.gov.pk، پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین کی ہیلپ لائن 1043، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے فون نمبر 042-111-582-111، پنجاب پولیس کی ہیلپ لائن 15یا پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی ایپ پر شکایت درج کروا سکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے پیغام کے تحت جناح ہسپتال، ماڈل ٹاؤن موڑ، مین مارکیٹ گلبرگ گول چکر ، چیرنگ کراس ، کوئنزروڈ ، چلڈرن لائبریری، ایوان تجارت روڈ ، فردوس مارکیٹ ،علی زیب روڈ ، برکت مارکیٹ ، مین بلیو ارڈ گارڈن ٹاؤن، کریم مارکیٹ اقبال ٹاؤن، شاہ دی کھوئی مولانا شوکت علی روڈ اور حسین چوک ، میاں محمود علی قصوری روڈ کے بس سٹاپوں پر آگاہی پوسٹرز آویزا ں کیے گئے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1