مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی اپیل پر یوم دفاع حرمین شریفین منایا گیا

مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی اپیل پر یوم دفاع حرمین شریفین منایا گیا

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں یوم دفاع حرمین شریفین منایا گیا۔سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی طرف سے میزائل حملوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ کارکنوں نے مظاہرے کیے اور سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ مرکز اہل حدیث راوی روڈ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ حوثی شدت پسندوں کی طرف سے سعودی عرب پر اب تک درجنوں بیلسٹک میزائل حملے کیے جاچکے ہیں۔باغیوں کی مدد کرنے والے اور انہیں میزائل دینے والے اصل مجرم ہیں۔اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو تصادم پھیل سکتا ہے جس سے دیگر مسلم ممالک بھی متاثر ہو ں گے۔ حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔یمنی باغیوں کو اسلحہ کی ترسیل روکنے سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد 2216 پر مکمل طورپر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ بین الاقوامی عسکری اتحاد کا حوثی باغیوں کے خلاف جنگ کا مقصد خطے میں ایک ملک کے توسیعی عزائم کو روکنا ہے۔ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے پاکستان کو سعودی عرب کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے۔یمن میں باغیوں کے عزائم خطرناک ہیں۔ مسلم حکمرانوں کو مل کر سعودی عرب کے خلاف سازشوں کا سدباب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کاسعودی عرب سے دفاعی تعاون کا فیصلہ پوری قوم کے دل کی آواز ہے۔پوری پاکستانی قوم سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کے لیے کٹ مرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ حقیقت میں یمن کے باغیوں کا اصل ہدف سعودی عرب ہے۔ حوثی باغیوں کی سیاسی اور فوجی اعتبار سے مدد کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب عالم اسلام کا روحانی مرکز ہے، جس کی حفاظت مسلمان اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ مسلم ملکوں میں بغاوتوں کو ہوا دے کر قتل و غارت کی راہ ہموار کرنا عالم کفر کا وطیرہ رہا ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ان کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔۔سعودی عرب مسلمانوں کا روحانی اور پاکستان دفاعی مرکز ہے۔ حرمین الشریفین کا تحفظ اپنا دینی فریضہ سمجھ کر اداکریں گے۔ مظاہرے سے حافظ بابر فاروق رحیمی، عطا الرحمن حقانی اور عبیداللہ نے بھی خطاب کیا خانیوال، جہلم، اسلام آباد، ساہیوال ،فیصل آباد ،گوجرانوالہ ،کراچی ،کوئٹہ ،جھنگ، قصور، لیہ چنیوٹ، ڈی جی خاں، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ میں جماعت کے کارکنوں نے مظاہرے کیے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1