سیاسی جماعتوں سے وابستہ متعدد تاجراڑان بھر نے کو تیار ، رابطے شروع

سیاسی جماعتوں سے وابستہ متعدد تاجراڑان بھر نے کو تیار ، رابطے شروع

لاہور(اسد اقبال سے)آئندہ عام انتخابات سے قبل مختلف پارلیمینٹرین اور سیاسی قائدین کی وفاداریاں تبدیل کر نے کے بعد سیاسی جماعتوں سے وابستہ تاجر تنظیموں کے رہنماؤں نے بھی اپنی وفاداری و پارٹی تبدیل کر نے کے لیے جہاں "پر" تو لنے لگے ہیں وہیں تجارتی مراکز میں سیاسی بیٹھکیں اور مشاورت کے لیے اجلاس بھی بلائے جارہے ہیں جبکہ کئی تاجر تنظیموں کے رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے رابطے بھی شروع کر دیے ہیں ۔اس امر کا غالب امکان ہے کہ رواں ماہ میں ہی مختلف تاجر تنظیموں کے رہنماء تحریک انصاف میں شامل ہونے کے لیے باقاعدہ اعلان کر یں گے ۔دوسری جانب تحریک انصاف پنجاب کی قیادت نے باآور کروایا ہے کہ ذاتی مفادات کو مدنظر رکھنے اور سیاسی شعبدہ بازی کر نے والے تاجروں کے لیے تحریک انصاف کے دروازے بند جبکہ نظریاتی سوچ اور محب وطن تاجروں کے لیے تحریک انصاف کے دروازے ہمیشہ کھلے رہے گے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور قومی و اسمبلی پارلیمینٹرین کی جانب سے پارٹیاں تبدیل کرنے کا رنگ تاجر رہنماؤں پر بھی چڑھنے لگا ہے اور عام انتخابات نزیک آنے اور جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہونے کے پیش نظر تاجر برادری نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کو خیر باد کہتے ہوئے کسی اورمظبوط سیاسی اور اقتدار میں آنے والی سیاسی جماعت کا رخ کیا جائے ۔واضح رہے کہ کئی ایک تاجر رہنماء مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے مایوسی کا شکار ہونے اور مسلم لیگ ن تاجرونگ میں پرانے تاجر نمائندوں کو نظر انداز کر نے اور نئے لوگوں کو عہدے دینے سے نالاں ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آل پاکستان انجمن تاجران ، انجمن تاجران پاکستان ، قومی تاجر اتحاد اور مسلم لیگ ن تاجر ونگ سے وابستہ کئی ایک تاجروں نے تحریک انصاف کی قیادت سے روابط بڑھانا شروع کر دیے ہیں جبکہ باقاعدہ حکمت عملی تیار کر تے ہوئے مشاورتی اجلاس بلانے لگے ہیں اوراس بات کا قوی امکان ہے کہ کئی ایک تاجر رہنماء باقاعدہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے اعلان کر یں گے ۔ روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے تاجر رہنماء اور تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدرصفدر علی بٹ نے کہا کہ تاجر اس ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جس سے اس ملک کی معیشت کا پہیہ گھومتا ہے تاہم تاجروں میں کئی ایک کالی بھیڑیں چھپی ہیں جو اپنے ذاتی مفادات حاصل کر نے کے لیے سیاسی جماعتوں کے آلہ کار بن جاتے ہیں تاجروں کو سودا کرتے ہوئے استعمال کر تے ہیں ایک سوال کے جواب میں صفدر بٹ کا کہنا تھا کہ تحریک انصا ف میں شمولیت کے لیے کئی تاجررہنماء ہم سے رابطے میں ہیں تاہم تحریک انصاف میں وہ تاجر لوگ ہونگے جن کا کوئی ذاتی مفاد نہ ہوگا اور جو اچھی شہرت کے حامل ہیں جبکہ مفاد پرستوں اور شعبدہ بازی کرنے والوں کو تحریک انصاف سے دور رکھا جائے گا کیو نکہ تحریک انصا ف ایک نظریاتی جماعت ہے جو محب وطن اور ملک میں خوشحالی و تبدیل کی خواہاں ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1