سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ڈیجیٹل چالاننگ کا آغازکر دیا

سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ڈیجیٹل چالاننگ کا آغازکر دیا

لاہور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل چالاننگ کا آغاز کر دیا۔ جس کی تقریب الحمراہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمد امین وینس اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈی آئی جی سکیورٹی ڈاکٹر معین مسعود ، ایس ایس پی ٹریفک پنجاب اطہر وحید ، ایس پی سٹی ٹریفک آصف صدیق اور ایس پی صدر سردار آصف کے علاوہ PITBکے افسران اور ٹریفک وارڈنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سی سی پی او لاہور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک ہماری زندگیوں میں انتہائی اہم جزو کی اہمیت رکھتا ہے۔ شہری تھانوں میں کسی تکلیف کے ازالہ کیلئے جاتے ہیں لیکن گھر سے نکلنے والے ہر شخص کا ٹریفک پولیس سے واسطہ پڑتا ہے ۔اگر ہم انسانوں کو منزل سے دوسری منزل تک پہنچانے میں سہولت دیتے ہیں تو اس سے بڑی نیکی نہیں ہو سکتی۔ لاہور پولیس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے آپریشنل اور انویسٹی گیشن کے علاوہ ٹریفک پولیس میں جدت لا کر شہریوں کے لئے بہت آسانیاں پیدا کی ہیں۔ ITاقدامات سے روزمرہ دفتری معاملات میں شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ٹریفک پولیس میں مزید جدت لانے کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ڈاکٹر عمر سیف کا شکریہ ادا کرتاہوں۔ بطور ٹریفک وارڈن آپ پر عوام کی خدمت کرنا زیادہ لازم ہے۔چئیرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے اس موقع پر کہا کہ تمام حکومتی اداروں کے ساتھ کام کیا لیکن پنجاب خصوصاً لاہور پولیس کے ساتھ کام کرنا اعزازسمجھتا ہوں ۔

مزید : علاقائی