وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی سول معاملات میں مداخلت‘وزیراعلیٰ کے سیکرٹری اور پرنسپل سیکرٹری کو طلبی کے نوٹس
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی سول معاملات میں مداخلت کے خلاف درخواست پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ کو طلبی کے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔جسٹس شجاعت علی خان نے حافظ طارق کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ میری ہاؤسنگ سوسائٹی میں علیم خان کے ساتھ لین دین کا تنازعہ چل رہا ہے، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے غیر قانونی طور پر مجھے مخالف پارٹی کو 8لاکھ روپے ادا کرنے کا کہا ہے ،دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے واضح کیا کہ لین دین کے معاملات سول عدالت میں زیر سماعت ہے تاہم اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پولیس کے ذریعے مجھے نوٹس بھجوائے جارہے ہیں جو کہ قانون کے منافی ہے ،عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ کو16 اپریل کے لئے طلبی کے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔