نوازشریف کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہے‘ ساجد میر
لاہور (این این آئی ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ نوازشریف کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔ جامع ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے عدالتی فیصلے بنیادی حقوق کی خلاف وزری ہیں۔ لکھے ہوئے فیصلے سنائے جارہے ہیں۔ انجینئرڈ الیکشن اور کنٹرولڈ ڈیموکریسی عوام کو ہرگز قبول نہیں۔ فیصلوں کے تحت پاکستان میں انجینئرڈ جمہوریت لانے کی سازش کی جارہی ہے۔ عوام نے نوازشریف کیخلاف کسی بھی فیصلے کو تسلیم نہیں کیا۔ وقت آگیا ہے کہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی اور 70 سال سے چلنے والے فرسودہ سسٹم ختم کیا جائے۔ جمہوری نظام پر یقین رکھنے والوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا ۔ جمہوریت کے ساتھ باربارکھلواڑکیا گیا ہے، پاکستان بنانے والوں کو منزل نہیں ملی۔ اقتدار اور پالیسی میکنگ پر آمرانہ اور جاگیردارانہ سوچ کا قبضہ ہے۔ ہم آج تک جمہوریت کے حقیقی مقاصد حاصل نہیں کرسکے۔ اداروں میں رسہ کشی سے پاکستان کے دشمن فائدہ اُٹھانے کی کوشش کریں گے۔