عالمی برادری کی توجہ کے باوجود دہشتگردی ایک چیلنج ، امن وامان کو سنگین خطرات لاحق ہیں : ملیحہ لودھی

عالمی برادری کی توجہ کے باوجود دہشتگردی ایک چیلنج ، امن وامان کو سنگین خطرات ...

 نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے امن وا مان کو سنگین خطرات لاحق ہیں، عالمی برادری کی توجہ کے باوجود دہشت گردی ایک چیلنج ہے۔جمعہ کونیو یارک میں پاکستان اور ناروے کی جانب سے نوجوانوں اور انسداد دہشتگردی کے موضوع پر تقر یب منعقد ہوئی،جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اورمختلف ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔اس موقع پر پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے بتایا کہ انتہا پسند عناصر نوجوانوں کی معصومیت کا فائدہ اْٹھاتے ہیں،غیرملکی مداخلت ،سیاسی واقتصادی ناانصافی،امتیازی سلوک بھی انتہاپسندی کو پروان چڑھاتا ہے۔ پاکستانی عوام نے دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے پاکستان نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ انسداد دہشتگردی کیمپ قائم کئے اور اپنے ہزاروں فوجی تعینات کئے ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے خطاب میں انسداد دہشتگردی کیلئے نوجوانوں پر توجہ کو اہم قدم قرار دیا ۔انکا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی کیلئے نوجوانوں پر توجہ اہم قدم ہے کیوں کہ انتہا پسند گروپوں کا ہدف نوجوان ہوتے ہیں، نوجوان کل کے نہیں بلکہ آج کے لیڈر ہیں۔سیکرٹری جنرل نے تقریب کے انعقاد اور ملیحہ لودھی کے اقدام کو سراہا۔

مزید : علاقائی