مقبوضہ کشمیر ، تریہگام بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرے ،کپواڑہ میں بھارتی فورسز کا تشدد ، متعدد زخمی

مقبوضہ کشمیر ، تریہگام بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرے ،کپواڑہ میں بھارتی فورسز ...

سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیرکے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد نوجوان زخمی ہو گئے ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لوگوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خلاف تریہگام میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے کم سے کم دس افراد زخمی ہو گئے ۔ ایک شدید زخمی کو سرینگر کے ہسپتال منتقل کیاگیا ہے۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے گھروں میں گھس کر املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض پولیس کے سربراہ کی طرف سے حریت رہنماؤں کو سیاسی سرگرمیوں اور انکی نقل و حرکت کی آزادی کے اعلان کو محض سراب قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پوری حریت قیادت کی پرامن سیاسی سرگرمیوں پر بدستور قدغن اور پابندیاں عائد ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ حال ہی میں کھڈونی اورشوپیاں میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے بعد عوامی غیظ و غضب سے بچنے کیلئے کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت قیادت اور کارکنوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سیدعلی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گھروں جبکہ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیاگیا تھا ۔ بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سینئر حریت راہنما محمد اشرف صحرائی، غلام نبی سمجھی، غلام احمد گلزار، محمد یوسف نقاش، بلال احمد صدیقی، محمد اشرف لایا، محمد یٰسین عطائی، سید امتیاز حیدر، بشیر احمد اور محمد یوسف کو گھروں یا تھانوں میں نظربند کردیا تھا۔ سیاسی قیادت اور سول آبادی کے خلاف فوجی طرز کی کارروائیوں سے صورتحال تشویشناک صورت اختیار کرسکتی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری کٹھ پتلی انتظامیہ پر ہو گی ۔دریں اثنامقبوضہ کشمیراپریل 2016میں ہندواڑہ قصبے میں پر امن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے پانچ افراد جن میں ایک خاتون بھی شامل کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا ہے ۔ متاثرہ خاندانوں کے علاوہ سول سوسائٹی اور معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے مزار شہداء ہندواڑہ جاکر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ میں شہید ہونیوالے کشمیریوں کی بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔

مظاہرے،زخمی

مزید : علاقائی