آزاد کشمیر جلد 8ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا حامل ہو گا،سردار مسعود خان

آزاد کشمیر جلد 8ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا حامل ہو گا،سردار مسعود خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مظفرآباد (یوپی آئی)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ نیلم جہلم پاور پراجیکٹ ایک سنگ میل ہے جس کی تکمیل ہماری حکومت کی توانائی کی پیداوار کے سلسلے میں ایک کامیاب کاوش ہے ۔ اس وقت آزاد کشمیر 1500 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا ہے اور آنے والے چند سالوں میں آزاد کشمیر تقریباً 8 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا ۔ اس طرح اپنی ضرورت پوری کرنے کے بعد تقریباً 6 ہزار میگا وات بجلی نیشنل گر کوڈ منتقل کر دی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر نے نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا ۔ منصوبے کا افتتاح وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اقتصادی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے ۔ جہاں عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے لیے ایک ساز گار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے ، جہاں اندرون ملک اور بیرون ملک سے سرمایہ کار آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت توانائی کی پیداوار بالخصوص پن بجلی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ ڈیموں کی تعمیر کے سلسلے کو تیز کیا جائے گا اور اب آزاد کشمیر بوجھ نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک اثاثہ بن کر سامنے آئے گا ۔ صدر آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے بھی جموں و کشمیر کو سی پیک میں شامل کیے جانے کی خواہش ظاہر کی ہے جس پر ہم رضا مند ہیں۔ ہمیں خوشی ہو گی کہ اگر مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بہن بھائی بھی سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں ۔ تقریب میں گورنر خیبر پختونخواہ ظفر اقبال جھگڑا ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سر تاج عزیز ، وفاقی وزیر برائے پانی و توانائی سید جاوید علی شاہ ، وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم او رنگزیب ، چین کے سفیر یا ؤ جینگ ، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین ، اویس لغاری ، سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ، ایم ایل اے راجہ عبدالقیوم خان ، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اعجاز منیر ، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر ، ضلعی انتظامیہ کے آفیسران نے بھی شرکت کی ۔
سردار مسعود خان

مزید :

صفحہ اول -