ماضی میں کے پی عوام کے اصل مسائل کو نظر انداز کیا گیا ، زرداری

ماضی میں کے پی عوام کے اصل مسائل کو نظر انداز کیا گیا ، زرداری

 اسلام آباد (این این آئی) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا صوبہ بنا کر وہاں کے عوام کو شناخت دی، پارٹی بانی کے وعدے کیّ تکمیل کرتے ہوئے صوبوں کو خودمختاری دی اور این ایف سی ایوارڈ دیا ،ماضی میں کے پی کے عوام کے اصل مسائل کو نظرانداز کیا گیا تھا۔ ہم نے بڑی حد تک عوام کے مسائل حل کئے مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ پورے ملک کی طرح کے پی کے عوام کو خوشحال کیا جائے۔زرداری ہاؤس اسلام آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے ملک اعجاز خان کی طرف سے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی بنیادی ترجیح غربت، بیروزگاری اور اندھیروں کا خاتمہ ہے۔ پختونخوا کے عوام نے شدت پسندوں اور دہشتگردوں کے بہت زخم سہے۔ ان شدت پسندوں اور دہشتگردوں سے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے مزاحمت کی اور ہمیں راستہ دکھایا کہ پاکستان کے مفاد میں کیا ہے اور نقصان میں کیا ہے۔ ہمیں ملک کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔ اقتصادی راہداری کا اصل نقشہ بھی یہی ہے کہ ملک کی ترقی کے ثمرات چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے عوام میں منصفانہ طریقے سے تقسیم ہوں۔اس موقع پر سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی حاجی نواز کھوکھر، صدر پیپلزپارٹی کے پی ہمایوں خان، سینیٹر سردار علی خان، عامر فدا پراچہ، محمد علی شاہ باچا اور فاروق ہوتی بھی موجود تھے۔ سابق صدر نے ملک اعجاز کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت پر مبارکباد بھی دی۔

مزید : صفحہ اول