ہر قیمت پر بد عنوانی کے خاتمے اور بلا امتیاز کاروائی کیلئے پر عزم ہیں ، چیئرمین نیب
اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے پرعزم ہے، نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے، نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنی کوششوں کو دوگنا کریں۔وہ نیب کے علاقائی بیوروز کی ماہانہ کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ اجلاس کے دوران تمام علاقائی بیوروز، پراسیکیوشن، آگاہی و تدارک سمیت نیب ہیڈ کوارٹرز کے تمام شعبوں اور نیب کی موجودہ انتظامیہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں خامیوں پر قابو پانے کیلئے حکمت عملی وضع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کینسر ہے جو ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، نیب ہر قیمت پر بدعنوانی کے خاتمہ اور بلاامتیاز کارروائی کیلئے پرعزم ہے ۔نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت ہے کہ وہ بدعنوانی کے مقدمات شفافیت، میرٹ اور قانون کے مطابق نمٹائیں۔ تمام مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کیلئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کیلئے وقت کا تعین کیا گیا ہے۔ نیب نے اپنے طریقہ کار کو بھی بہتر بنایا ہے جس کے باعث کسی بھی فرد کا نیب کی تفتیش پر اثر انداز ہونے کا کوئی امکان باقی نہیں رہتا۔پراسیکیوشن ونگ کو اہداف دیئے گئے ہیں جس کے شاندار نتائج کے باعث احتساب عدالتوں میں نیب کے مقدمات کی کامیابیوں کی شرح 70 فیصد ہے۔انسداد بدعنوانی کی مہم کامیاب رہی ہے۔ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، اس لئے نیب اپنی حالیہ پالیسی میں ان نوجوانوں کو اہمیت دیتا ہے تاکہ انہیں ابتدائی عمر میں ہر قسم کی بدعنوانی سے متعلق آگاہی دی جا سکے۔ نیب نے ملک بھر میں مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں 55 ہزار کردار سازی کی انجمنیں قائم کی ہیں جس کا مقصد بدعنوانی میں کمی لانا ہے۔مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن نظام کو معیاری اور مقداری تجزیہ کیلئے استعمال کیا جائے گا جو کہ خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے خطرہ کی علامت ہے۔ چیئرمین نیب نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی ۔
نیب چیئرمین