15 لاکھ ڈالر سے تیارکردہ ٹرمپ کی کار توجہ کا مرکزبن گئی

15 لاکھ ڈالر سے تیارکردہ ٹرمپ کی کار توجہ کا مرکزبن گئی

واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر اپنے متنازع بیانات اور حرکات کی وجہ سے تو خبروں میں رہتے ہی تھے مگر اب ان کی کار بھی دنیا بھرکی خبروں کا مرکز بن گئی ہے، ٹرمپ کی نئی کار بیسٹ کا وزن آٹھ ٹن ہوگا، اس کے دروازے 8 انچ موٹی فولادی چادر سے بنائے گئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر کی نئی کیڈیلاک کار کو دنیا کی محفوظ ترین گاڑی قرار دیا گیا ہے ۔ یہ گاڑی 15 لاکھ ڈالر میں تیار ہوئی ہے کیونکہ یہ دھماکا خیز مواد سے ہی محفوظ نہیں ہوگی بلکہ بیلسٹک میزائل کا حملہ بھی اس کا کچھ نہیں بگاڑ پائے گا جبکہ کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیار بھی اس کا بال بھی بیکا نہیں کر پائیں گے۔کار کی چادر پانچ انچ موٹی ہوگی، جس پر پوائنٹ فور فور کی گن بھی بے اثر ہوگی۔ گاڑی کے اندر ہی فائر فائٹنگ سسٹم بھی نصب ہے جبکہ اس میںآنسو گیس شیل اور دھواں چھوڑنے والی گیس بھی بھی موجود ہو گی۔ گاڑی کو سیکرٹ سروس کا خصوصی تربیت یافتہ فرد چلایا کرے گا۔گاڑی میں پیٹرول کی جگہ ایک خصوصی فوم استعمال کیا جائے گا جس کے نتیجے میں اگر ٹینک پر براہ راست حملہ ہوتب بھی اس میں آگ نہیں لگے گی۔نئی بیسٹ کے ٹائر صدر اوباما کی کار سے الگ ہیں اور ان میں ایسی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے کہ اگر وہ کسی طرح پنکچر بھی کر دیے جائیں تو بھی وہ سفر کرسکتے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول