عمران خان کا 16اپریل کو ریلوے گراؤنڈ میں جلسہ سیاست میں سنگ میل ثابت ہو گا: محمد عاطف

عمران خان کا 16اپریل کو ریلوے گراؤنڈ میں جلسہ سیاست میں سنگ میل ثابت ہو گا: ...

پشاور( سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پارٹی قائد عمران خان کا 16اپریل 2018کو مردان ہاتھیان ریلوے گراؤنڈ میں منعقدہ جلسہ مردان کی سیاست میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ وہ اپنی اقامت گاہ پر پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان کے جلسہ مردان کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ممبران قومی اسمبلی مجاہد خان، علی محمد خان، اراکین صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی، طفیل انجم، ضلعی اور تحصیل کونسل کے اراکین ، بلدیاتی نمائندے ، آئی ایس ایف یوتھ ونگ اور پارٹی ورکرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ عمران خان نے جب بھی مردان کا دورہ کیا ہے ، ہمیشہ مردان کے عوام کے جوش و جذبے ، خلوص اور حب الوطنی کی تعریف کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں بنا کر ذمہ داریاں ان کے سپرد کردی گئی ہیں ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ مردان میں پاکستان تحریک انصاف سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے جس کا مقابلہ تمام پارٹیاں مل کر بھی نہیں کرسکتی کیونکہ ہمیں ہر عمر اور ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی حمایت حاصل ہے اور ہمارے ورکرز ایک جذبے کے تحت کام کررہے ہیں اور ان کا بنیادی مقصد پاکستان کو درست سمت پر گامزن کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بروز پیر 16اپریل 2018 بوقت 2بجے بمقام ہاتھیان ریلوے گراؤنڈ میں پارٹی قائد عمران خان پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں ، الیکشن 2018کے لائحہ عمل اور پاکستان کے بنیادی مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی خطاب کریں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک سروے کے مطابق خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت 52فی صد جبکہ بقایا تمام پارٹیوں کی ملکر 48فی صد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جلسہ مردان یہاں کی تاریخ کا سب سے بڑا اور کامیاب جلسہ ہوگا۔ ہم سب کو ملکر عمران خان کے شانہ بشانہ پاکستا ن کی ترقی ، خود مختاری ، امن و امان کے قیام اور کرپشن سے پاک پاکستان کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تبدیلی اور کامیابی کی ایک جھلک عوام نے دیکھ لی اور انشاء اللہ 2018 میں ہم پورے پاکستان میں حکومت قائم کرکے عمران خان کو اس ملک کا وزیر اعظم بنائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...