کوہاٹ میں پانی کے غیر قانونی کنکشن کیخلاف کارروائی

کوہاٹ میں پانی کے غیر قانونی کنکشن کیخلاف کارروائی

کوہاٹ (بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالدالیاس کی ہدایت پرایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرصاحبزادہ سمیع اللہ نے یونین کونسل خوشحال گڑھ کے علاقہ ناکبندمیں لوگوں کو پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بھر پور کارروائی کرتے ہوئے علاقہ ہذا کے نئے پائپ لائن سے غیر قانونی کنکشنز موقع پر کاٹ دیئے اور ہدایت کی کہ نیا پائپ لائن مین واٹر ٹینک کے لئے مخصوص رکھا جائے جبکہ پرانے پائپ لائن سے گھروں کو براہ راست پانی سپلائی کی جائے۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ ٹھیکیدار کو موقع پر بلاکرانہیں سختی سے ہدایت کی کہ وہ تاخیری حربے استعمال نہ کریں اور فوری طور پر ٹیوب ویل کا موٹر مرمت کرکے لگائیں اسی طرح خوشحال گڑھ میں 30ہارس پاؤرمشین کے لئے مطلوبہ ہارڈ ویئر کی فراہمی یقینی بناکراسے بھی جلد از جلد چالو کریں۔اس موقع پرایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھاکہ محکمہ پبلک ہیلتھ کے ایس ڈی او اور سب انجینئر مکمل تعاون کررہے ہیں او ر انشاء اللہ علاقے کے لوگوں کے تعاون سے یہ مسئلہ جلد حل کردیاجائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام غیر قانونی کنکشنز کے مکمل خاتمے اور عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔صاحبزادہ سمیع اللہ نے خبردار کیا کہ دوبارہ غیر قانونی کنکشن کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر