معیاری تعلیم فراہم کرکے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ ممکن ہے ،ناظم اسد علی

معیاری تعلیم فراہم کرکے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ ممکن ہے ،ناظم اسد علی

مردان(بیورورپورٹ) ضلعی نائب ناظم اسد علی نے کہاہے کہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر کے ہی ملک سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ ممکن ہے۔ضلعی حکومت نے طلباء کو تعلیم کی جانب راغب کرنے کے لئے مردان کے 75یونین کونسل کو یونیفارم ،سٹیشنری اور مالی امداد کی مد میں سات کروڑ50لاکھ روپے منظور کئے ہیں جو طلبا و طالبات میں یکساں تقسیم کئے جائیں گے۔وہ گورنمنٹ ہائی سکول گلی باغ میں یوم والدین کے موقع پر نادار بچوں میں 5لاکھ روپے نقد تقسیم کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تقریب سے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر نوابزادہ اورنگزیب خان ہوتی،سکول کے پرنسپل فلک ناز اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سکول کے طلباء نے ملی نغمے،خاکے،قوالی اور تقاریر بھی پیش کئے جسے حاضرین نے سراہا۔اسد علی نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 25-A کے تحت صوبائی حکومتیں اس بات کی پابند ہے کہ پانچ سال سے سولہ سال کے بچوں کو مفت تعلیم دیں گے۔اگر چہ صوبائی حکومت کی جانب سے طلباء کو سرکاری سکولوں میں مفت کتابیں دی جا رہی ہے لیکن غربت کی وجہ سے نادار طلباء یونیفارم اور سٹیشنری کی سکت بھی نہیں رکھتے جس کی وجہ سے وہ تعلیم ادھوری چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں غریب طلباء و طالبات کو سٹیشنری اور یونیفارم کے لئے گزشتہ سال ضلعی حکومت نے یونین کونسل کی سطح پر پانچ لاکھ روپے منظور کئے اور اب یہ بڑھ کر دس لاکھ روپے کر دئے گئے ہیں ۔ضلع نائب ناظم نے کہاکہ ذہین طلبہ کا حوصلہ بڑھانے کے لئے حکومت نے گلونہ دا مردان اور ستوری دا مردان کے پروگرامات شروع کئے ہیں ہے جس پر مجموعی طور پر4کروڑ روپے تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ وفاق المدارس کے امتحان میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات میں بھی ضلعی حکومت کی جانب سے نقد انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ طالبات جن سے سکول دور ہوں تو انہیں ٹرانسپورٹ کے لئے ضلع سطح پر89لاکھ اور طلباء کو سائیکل فراہم کرنے کے لئے بھی ایک کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نجی تعلیمی اداروں نے وعدہ کیا ہے کہ ضلع کے یتیم اور معذور طلباء کو مفت تعلیم دیں گے اور اگر نجی تعلیمی ادارے اس میں ناکام رہے تو ان پر ضلعی حکومت کی طرف سے ٹیکس لگایا جائیگا اور اس ٹیکس کی رقم کو یتیم اور معذور طلباء و طالبات کے تعلیمی اخراجات پر خرچ کیا جائیگا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ اپنے بچوں کی بہتر مستقبل کے لئے مہینے میں ایک مرتبہ کم ازکم سکول کا دورہ کریں اور والدین اساتذہ کونسلوں کے اجلاس میں بھی اپنی شرکت یقینی بنائیں ۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر نوابزادہ اونگزیب خان ہوتی نے سکول کے بچوں کے لئے ایک لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان بھی کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...