سیاست میں فیصہ وہی جو عوام کریں ، کام کرنے والوں کو عدالت میں گھسیٹنا اور ہمیشہ کیلئے سیاست سے باہر کرنا ہماری بد قسمتی ہے : وزیر اعظم

سیاست میں فیصہ وہی جو عوام کریں ، کام کرنے والوں کو عدالت میں گھسیٹنا اور ...

مظفر آباد(بیورورپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہماری بڑی بدقسمتی ہے کہ کام کرنے والے رہنماؤں کو سیاست سے باہر کر دیا جاتا ہے۔مظفرآباد میں نیلم جہلم منصوبے کے پہلے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تعمیر میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور لوگ کہتے رہے یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو گا لیکن تمام تر مشکلات کے باوجود منصوبہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔وزیراعظم نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبہ پاک چین دوستی کا شاہکار ہے اور جن لوگوں نے اس منصوبے کی تکمیل کے دوران قربانیاں دی ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی واحد حکومت ہے جس نے صرف باتیں نہیں کام بھی کیا ہے اور اگر سن 2000 کے بعد آنے والی حکومتیں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے اپنا حصہ ملاتیں تو آج یہ صورت حال نہ ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی موجود ہے لیکن جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں لوڈ شیڈنگ ہو گی کیونکہ چوری ہونے والی بجلی کا بوجھ ٹیکس ادا کرنے والوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ جو لوگ کام کرتے ہیں انہیں عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے اور ہمیشہ کے لیے سیاست سے باہر کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوتا وہاں ترقی نہیں ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں فیصلہ عوام کا ہوتا ہے اور جولائی میں عوام انتخابات میں اپنا فیصلہ دیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 70 سال سے کشمیر کو مقدمہ لڑرہا ہے،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہیے، گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے ملاقات میں کشمیریوں پربھارتی مظالم و بربریت سے آگاہ کیا ،7 لاکھ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے اب اس ریاستی دہشت گردی کو بند ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر انسانی حقوق کا ایک مسئلہ ہے جو پوری دنیا کے لیے انسانی حقوق کا چیلنج ہے ہم اس مسئلے کو نہیں بھلا سکتے ہم نے ہرسطح پر اس مسئلے کو اٹھایا ہے اور اٹھاتے رہیں گے، ہم کشمیری عوام کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے،انہوں نے کہا کہ جب ہندوستان پر دباؤ آتا ہے تو وہ ایل او سی پر فائرنگ شروع کردیتا ہے جس کا ہم اس کا بھرپور جواب دیتے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ماضی کی کسی حکومت نے بجلی توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا، کسی سابق حکومت نے 2 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا نہیں کی لیکن ہماری حکومت نے 10ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی اور توانائی خاتمے کے لیے متعدد منصوبے بنائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پاک چین دوستی کا شاہ کار منصوبہ ہے، لوگ کہتے رہے یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوگا لیکن مشکلات کے باوجود منصوبہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں حکم دیا گیا کہ منصوبوں کی تفصیل اخباروں میں نہ دی جائے ہم نے مان لیا،اتفاق ہو یا نہ ہو ہمیں عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے حکم کی تعمیل کرنا پڑتی ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...