جب جب نواز شریف کو مائنس کیا گیا وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آئے : مریم نواز

جب جب نواز شریف کو مائنس کیا گیا وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آئے : مریم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سیالکوٹ (بیورورپورٹ )مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ جب جب نواز شریف کو مائنس کیا گیا وہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر سامنے آئے۔سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف اتنا اہم شخص ہے کہ جسے ایک بار نہیں چار بار نااہل کیا گیا، نواز شریف کو 4 بار مائنس کیا گیا لیکن وہ پلس ہوتا جا رہا ہے۔نواز شریف کی نااہلی کی مدت تاحیات نہیں ہے، نااہلی اس وقت تک ہے جب تک یہ فیصلے دینے والے کرسیوں پر ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی گواہی اسی نے دی جو خلاف گواہی دینے آیا تھا، واجد ضیا ء نے عدالت میں کہا نوازشریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، واجد ضیا نے کہا ’’40 نامعلوم افراد نوازشریف کیخلاف تحقیقات کر رہے تھے‘‘کون تھے وہ 40 نامعلوم افراد؟ 70 سال سے عوام کے نمائندوں کے ساتھ یہی ہوتا آیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب جب نواز شریف کو مائنس کرنے اور عوام سے دور کرنے کی کوشش کی تو اللہ کے فضل اور عوام کی طاقت سے نواز شریف پہلے سے زیادہ مضبوط اور طاقتور ہو کر سامنے آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ نواز شریف کو نااہل نہیں کیا گیا بلکہ مخالفین گزشتہ 30 سال سے نواز شریف کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، پرویز مشرف کے دور میں نواز شریف کو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ آج کی سزا نے مجھے مشرف کا دور یاد دلا دیا ہے کہ جب وہ کہتا تھا کہ نواز شریف تم تاریخ کا حصہ بن جاؤ گے لیکن آج وہی آمر اس ملک سے باہر بیٹھا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کر دیا گیا اور جو جے آئی ٹی نواز شریف کے خلاف بنائی گئی تھی اس کے سربراہ واجد ضیاء نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔انہوں نے کہا کہ سازشیوں نے غلط اندازہ لگایا اور انہوں نے سوچا تھا کہ جب نواز شریف کو بیٹے سے غلط تنخواہ لینے پر نااہل کر دیا جائے گا تو وہ گھر بیٹھ جائے گا یا ملک چھوڑ کر چلا جائے گا لیکن نواز شریف سازشیوں کے سامنے ڈٹ گیا اور کہا کہ نہ میں جھکوں گا اور نا بکوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف زہر تو پی گئے مگر مخالفین کو تکلیف تب ہوئی جب وہ جی گئے، نواز شریف عدالتوں میں بیٹی سمیت پیش ہوتے رہے، اب نواز شریف اور مجھے ہتھکڑیاں لگ جائیں اور ہم جیل چلے جائیں لیکن عوام سب کچھ جان چکے ہیں۔مریم نواز نے عمران خان اور آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن کی طرح عام انتخابات میں بھی کچھ حاصل کر لیں گے لیکن 2018 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ تاریخ کا سب سے بڑا مینڈیٹ حاصل کرے گی اور شیر کو بارش کی طرح ووٹ پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک سال سے مسلم لیگ ن کو توڑنے کی سازشیں ہو رہی ہیں لیکن عام انتخابات میں عوام شازشیوں اور مہروں کو عبرتناک شکست دیں گے۔
مریم نواز