کراچی ،شب معراج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

کراچی ،شب معراج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی میں شب معراج انتہائی عقیدت واحترام اورمذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی۔ شب معراج کے موقع پر مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا گیا اورچراغاں کیا گیا،جبکہ مساجد کے علاوہ گھروں میں عبادات کا خصوصی اہتمام کیا گیا اورعبادت کا سلسلہ عشا کی نماز سے صبح صادق تک جاری رہا۔ مساجد میں علمائے کرام نے نبی کریم ﷺ کے سفر معراج کے واقعات اور فضائل کو اجاگر کیا دوسری طرف کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ عروج پرہونے کی وجہ سے عوام کو عبادات میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شب معراج پرنیومیمن مسجد،فیضان مدینہ ، جامع مسجد بہار شریعیت،میمن مسجد جوڑیا بازار سمیت سندھ بھرکی مساجد میں علمائے کرام نے نبی کریم ﷺکے عظیم معجزے معراج کے واقعات وفضائل بیان کیے۔ مساجد اور گھروں میں عبادات ، نوافل ، روحانی محافل ، میلاد ، ذکر ، درود شریف اور خصوصی دعاں کا اہتمام کیا گیا جبکہ علمائے کرام و خطیب حضرات نے معجزہ معراج شریف کے واقعات و فضائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ ستائیس رجب کی اس بابرکت رات کو حضرت محمد مصطفیﷺ کو معراج کا شرف عطا کیا گیا اور اللہ تعالی نے رحمتہ اللعالمین حضرت محمد مصطفی ﷺکو آسمانوں کی سیر کرانے، عالم آخرت دکھانے اور بالمشافہ اپنی زیارت و ملاقات کے لئے معراج کی سعادت عطا کی جب کہ اس شب کو ہی اللہ تعالی نے سرورِ کونین ﷺ کو عذابِ دوزخ سے نجات کا سبب بننے والی 5 وقت نماز کا تحفہ عنایت فرمایا۔معراج کا سفر دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں حضرت جبرائیل علیہ السلام کے ساتھ بیت اللہ سے بیت المقدس کا سفر جس میں مختلف مقامات پر ٹھہرنا اور نماز ادا کرتے ہوئے پہنچنا شامل ہے جب کہ دوسرا حصہ بیت المقدس سے تمام آسمانوں سے ہوتے ہوئے، مختلف انبیا علیہ السلام سے ملاقات، جنت اور دوزخ کے احوال دکھائے جانے اور اللہ تعالی کی زیارت پر مشتمل ہے۔ اس سفر میں بیت المقدس میں تمام انبیا علیہ السلام کی حاضری اور رسول اللہﷺ کی اقتدا میں نماز ادا کرنا بھی شامل ہے۔شب معراج کے اجتماعات میں ملک و قوم کی سلامتی ، بقا اور ترقی و خوشحالی کی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ کراچی میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی جانب سے بڑے اجتماعات کے باہر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔

مزید : کراچی صفحہ اول