شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آج کراچی پہنچیں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سدر اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آج کراچی پہنچیں گے ۔مسلم لیگ (ن) سندھ کے مرکزی رہنما کھیل داس کوہستانی کے مطابق میاں شہباز شریف ہفتے کی صبح ساڑھے 9بجے کراچی پہنچیں گے جہاں مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنما اور کارکنان ان کا بھرپور استقبال کریں گے ۔شہباز شریف ایئرپورٹ سے گورنر ہاؤس جائیں گے جہاں وہ مسلم لیگ ن سندھ کے رہنماؤں ،ارکان اسمبلی ،بلدیاتی نمائندوں ،وکلا اور نوجوانوں کے وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے ۔شہباز شریف کراچی کی بزنس کمیونٹی اور اخبارات کے مدیران سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔بعد ازاں وہ کراچی کے مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ورکرز کنونشن کے بعد شہباز شریف لاہور روانہ ہوجائیں گے ۔کھیل داس کوہستانی کے مطابق مسلم لیگ ن کا صدر بننے کے بعد ان کا یہ پہلا دورہ کراچی ہے ۔اس دورے کے بعد وہ جلد سندھ کا تفصیلی دورہ کریں گے ۔