شریف برادران کے تمام کاروبار خسارے میں ، پیسہ بڑھتاجا رہا ہے : شاہ فرمان

شریف برادران کے تمام کاروبار خسارے میں ، پیسہ بڑھتاجا رہا ہے : شاہ فرمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ شریف برادران کے تمام کاروبار خسارے میں ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی آمدن میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب شریف برادران نے خیبر پختونخوا سے بھی پیسے کمانے کا پروگرام تشکیل دے دیا ہے اور اس مقصد کیلئے امیر مقام کو آئندہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خواب دکھا کراپنے پیسے بڑھانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔یہ بات انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں لاہور سے آئے ہوئے صحافیوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے لاہور کے صحافیوں کو پشاور کے دورہ پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ میڈیا خود خیبرپختونخوا اور دیگر صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے کہ تبدیلی کس صوبہ میںآئی ہے، تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت نے سب سے پہلے عوام کے تین بنیادی مسائل بد عنوانی کا خاتمہ، امن و امان کا قیام اور میرٹ کو یقینی بنایا اور اس مقصد کو تقویت بخشنے کیلئے تمام شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات اٹھائے ہیں اور جو اصلاحات ہم لے کر آئے ہیں وہ نہ تو گزشتہ حکومتوں نے کبھی سوچا اور نہ ہی کسی اور صوبے میں ایسا قابل قدر اصلاحاتی عمل کا آغازکیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے ہر محکمہ کے اندر قانون سازی کی اور پھراسٹرکچر بنایا اور اب آئیندہ کوئی بھی حکومت قانون میں ترمیم کئے بغیر اسٹرکچر کو تبدیل نہیں کر سکے گی، صوبائی قانون ساز اسمبلی سے قوانین کی منظوری کا مقصد اصلاحاتی ایجنڈا کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔ اصلاحاتی اقدامات سمیت حکومت کے تمام امور سے عوام کو باخبر رکھنے کیلئے سب سے پہلے معلومات تک رسائی کا قانون بنا یا اور پھر پنجاب حکومت نے بھی ہماری طرز پر یہی قانون اپنے صوبہ میں منظور کرایا لیکن پنجاب حکومت نے مذکورہ قانون کا اصل مقصد ہی الٹ کر دیا۔ خیبر پختونخوا میں معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت کوئی بھی شہری حکومتی امور، منصوبوں سے متعلق مقررہ مدت کے اندر معلومات حاصل کر سکتا ہے۔ رائٹ ٹو انفارمیشن ہمارا پہلا قانون ہے جس کا شمار دنیا کے بہترین قوانین میں ہوتا ہے اور اسی قانون کی بدولت حکومتی امور میں شفافیت آئی ہے۔انہوں نے خیبر پختونخوا میں احتساب سے متعلق صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے صوبہ میں ایک خود مختار احتساب کمیشن قائم کیا لیکن اس کی خود مختاری اور کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے ، دراصل احتساب کمیشن نے جیسے ہی کرپٹ افراد کے خلاف انکوائریاں شروع کیں تو کرپٹ ٹولہ نے احتساب کمیشن سے بچنے کیلئے اپنے خلاف نیب میں درخواستیں دلا دیں ، اگر نیب میں کسی کے خلاف انکوائری کا آغاز ہو جائے تواحتساب کمیشن پھر اس پر مزید کام نہیں کر سکتا ۔ شعبہ صحافت کیلئے حکومتی اقدامات سے متعلق صوبائی وزیر اطلاعات نے وفد کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے جرنلسٹ انڈونمنٹ فنڈ قائم کیا جس کے تحت صحافیوں کی مالی امداد کی جاتی ہے جبکہ اس کے علاوہ صوبہ بھر کے پریس کلبوں کو طے شدہ سالانہ گرانٹ دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ اطلاعات کے زیر اہتمام اخبارات اور ٹی وی چینلز کو میرٹ پر اشتہارات کی ترسیل کیلئے باقاعدہ رولز اور پالیسی بنائی گئی ہے اور موجودہ حکومت نے کوئی ایک اشتہار بھی سیاسی فائدہ یا کسی فرد واحد کی تشہیر کیلئے جاری نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے شعبہ صحت، تعلیم سمیت تمام شعبوں میں قابل قدر اقدامات اٹھائے ہیں جن سے براہ راست عوام کو فائدہ ملا اور عوام نے یہ تبدیلی محسوس کی ہے، سرکاری محکوں کے اندر عادی کرپٹ افراد کو بے نقاب کیا گیا اور اب کوئی بھی افسر یا ملازم کرپشن کرنا تو دور اس کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے آخر میں صحافتی نمائندہ وفد کا صوبائی حکومت کی کارکردگی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے پشاور کا دورہ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا