رمضان المبارک میں افطاری اور سحری کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی : چیف پیسکو
صوابی (بیورورپورٹ)چیف پیسکو خیبرپختونخوا ڈاکٹر ذکاء اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے کے صنعتوں کو رمضان المبارک میں افطاری اور سحری کے وقت پانچ سے دس ایمپیئر لائٹنگ اور پنکھوں کیلئے دی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گدون انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر فضل رحیم کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا ،وفد میں ایسوسی ایشن سینئر نائب صدر انور زادہ ، جنرل سیکرٹری عمر گل جدون ،ایگزیکٹیو ممبران لعل شیر اور اسرار خان کے علاوہ اکنامک زون کے منیجر رفیق خان بھی شامل تھے ، وفد نے چیف پیسکو کو بتایا کہ اس وقت گدون صنعتی بستی میں 130 کارخانے چالو حالت میں جبکہ 18 زیرتعمیر ہیں اور صوبے کو یہاں سے بیس ملین روپے ریو نیو مل رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ گدون میں اکثر فیڈر اور اوورلوڈ ہیں اسی طرح لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے حالانکہ اس صنعتی بستی میں کوئی لائن لاسز نہیں لیکن اس کے باوجود لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ایکسین کا دفتر تحصیل ٹوپی کیلئے الگ کیا ہوا ہے لیکن وہ صوابی میں بیٹھتا ہے لہٰذا ان کا دفتر گدون اسٹیٹ میں قائم کیا جائے ،چیف پیسکو نے وفد کو یقین دلایا کہ صنعتکاروں کے جائز مطالبات جلد از جلد حل کئے جائیں گے اور ان کو کسی قسم کی شکایت کا موقع نہیں دیا جائے گا ۔