نواز شریف سے وزارت عظمیٰ،پارٹی عہدہ اب سیاست چھین لی، خواجہ آصف
سیالکوٹ (بیورورپورٹ) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف کو بیس سال قبل نااہل کیا گیا تھا۔نوازشریف کو 35سالہ دور سیاست آزمائش سے گزارنا پڑا ہے اور ہر سازش کے باوجود میاں نوازشریف نے کامیابی حاصل کی۔قوم نوازشریف کو ہی ملک وقوم کاحقیقی لیڈر سمجھتے ہوئے ان کی قیادت میں متحد ہے،سیالکوٹ میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کے دوران وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میاں نواز شریف کو مٹانے والے خود مٹ گئے ہیں ان کا نام و نشان نہیں ملتا ، نوازشریف سے وزارت عظمی چھین لی گئی اور پھر پارٹی عہدہ بھی چھین لیا گیا اور اب اس سے ساری زندگی کی سیاست چھین لی گئی ہے یہ کوئی انصاف نہیں ہے ، بیس سال قبل بھی میاں نوازشریف کو نااہل کیا گیا تھا اور اس وقت بھی قوم نے میاں نوازشریف کو ووٹ دے کر سرخرو کیا تھا، الیکشن آنے والے ہیں اوریہ تیاری عوام کی آواز کو دبانے کی ہورہی ہے لیکن ووٹ کی حرمت کو پامال نہیں ہونے دیا جائے گا، ہم کٹ مریں گے لیکن کسی کو ووٹ کی طاقت کو دبانے نہیں دیں گے، یہ قافلہ نہیں رکے گا جتنا مرضی زور لگا لو قوم کے دلوں سے نواز شریف کی محبت کو کیسے نکالو گے۔ جب تک وطن عزیز میں ووٹ کی حرمت قائم نہیں ہو گی ہم جد وجہد کرتے رہیں گے خطہ میں کوئی ایک بھی ایسا حکمران نہیں جو تین مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہو، اوریہ وقت گزر جائے گا خلق خدا کی آواز باقی رہے گی۔ اللہ تعالی نے نواز شریف کی بیٹی کی صورت میں ہمارا مستقبل محفوظ کر دیا ہے اور دین اسلام ، پاکستان اور قوم کیلئے جدوجہدجاری رہے گی۔نواز شریف قوم کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔
خواجہ آصف