عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بربریت کا نوٹس لے،اقبال میر

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بربریت کا نوٹس لے،اقبال میر

مظفرآباد(بیورورپورٹ)ریفیوجی یوتھ فیڈریشن اورکشمیری یوتھ نے عالمی برادری سے مقبوضہ جموں میں بچی کے ساتھ بداخلاقی وقتل اورسانحہ کلگام کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، امن،انصاف اور حقوق انسانی کی بات کرنے والے ادارے جموں کشمیر پر مجرمانہ خاموشی اختیارکیے ہوئے ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی جبر کیخلاف ڈٹے رہنے اور لازوال قربانیاں پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،چیئرمین کشمیری یوتھ اورصدر ریفیوجی یوتھ فیڈریشن محمد اقبال میر،جنرل سیکرٹری ریفیوجی یوتھ فیڈریشن گلشاد احمد بٹ،چیف آرگنائزر یوتھ فیڈریشن راجہ عبدالرشید،کشمیری یوتھ کے نائب صدر اشرف تبسم،سیکرٹری اطلاعات کشمیری یوتھ بشیر احمد قریشی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری کشمیری یوتھ،محمد رضوان میر نے بھارتی بربریت کے خلاف مذمتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی بھارت سے نفرت اورپاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم دنیا بھر کے نام نہاد منصفوں، بھارتی حکمرانوں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے، بھارتی مظالم انسانیت کو شرمندہ کر رہا ہے، حکومت ہندوستان ریاستی طاقت کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر جنگ مسلط کرچکی ہے۔ دہشت گرد مودی کی پالیسی ہے کہ طاقت اور جبر کا بے دریغ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کو کچل ڈالو،مقبوضہ وادی میں نوجوانوں کی گمشدگیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ، طالبعلموں کو غائب کیا جاتا ہے بعد میں لاشیں دکھائی جاتی ہیں کہ پولیس مقابلہ میں مارے گئے جو ظلم مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی قابض افواج ڈھا رہی ہے اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔کشمیر ی کبھی بھی اپنے حق خود اردیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ افواج پاکستان کے ساتھ کشمیر کا بچہ جوان سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر