آئین ، قانون، جمہوری اقدار کی قدر کی جانی چاہیے،شاہ غلام قادر

آئین ، قانون، جمہوری اقدار کی قدر کی جانی چاہیے،شاہ غلام قادر

مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزاد کشمیراسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا کہ آئین ، قانون اور جمہوری اقدار کی قدر کی جانی چاہیئے۔عوامی عدالت اور ملکی وقار سمیت رائے عامہ کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سربراہ سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی تاریخ ساز خدمات ہیں جن کو یکسر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے عظیم منصوبہ جات کی تکمیل اور پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا گیا ہے جس کا سہرا میاں محمد نواز شریف کے سر جاتا ہے۔ آج پاکستان کے ہر کونے میں ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل ہو رہی ہے۔ان حالات میں ایک منتخب وزیر اعظم کو تا حیات نااہل قرار دینے کے فیصلے کورائے عامہ کسی صورت تسلیم نہیں کر ے گی۔ سال 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کو بھاری اکثریت سے کامیابی ملے گی۔ سپیکر نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کشمیری عوام کے عظیم محسن ہیں۔ انہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ بالا ادارہ ہے، قانون سازی اس کا حق ہے وقت کے ساتھ بہتری ضرور آئے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر