آزاد کشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کااجلاس،26منصوبہ جات کی منظوری
مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزادجموں وکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے محکمہ صحت عامہ ، سپورٹس امور نوجوانان و ثقافت ، صنعت ؍سیری کلچر، اعلیٰ تعلیم ،بیرونی امداد سے چلنے والے منصوبہ جات ، ورکس مواصلات ، فزیکل پلاننگ وہاؤسنگ ، ترقیاتی ادارہ جات کے2ارب 55کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 26منصوبہ جات کی منظوری دے دی ہے۔ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا دسواں اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں وفاقی حکومت کے نمائیند گان ، متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان ، آفیسران اور محکمہ منصوبہ بندی کے آفیسران نے شرکت کی ۔ منظور کیے گئے منصوبہ جات میں پونچھ میڈیکل کالج راولاکوٹ کی عملی مدد ، مظفرآباد کے مقام پر سکواش کورٹ کی تعمیر، آزاد کشمیر میں سیریکلچر سے متعلقہ انفراسٹریکچر کی ترقی ، آزاد کشمیر کے جنوبی اضلاع میں تعلیمی ادارہ جات کی پرانی عمارات کی مرمتی اور تقریبی ہال کی تعمیر ، محکمہ معدنیات کی تلاش اور ترقی ڈویژن کا قیام ، عدالتی فیصلہ جات کی روشنی میں اورسابقہ رہ جانے والے کالجز کے ساتھ اراضی کی خرید، آزاد کشمیر کے 32 مڈل مدارس ،21ہائی سکولز، سکاؤٹ ہیڈ کوارٹر اور 2ایلیمنٹری کالجز کے ساتھ حصول اراضی کے سابقہ رہ جانے والے معاملات ، مظفرآباد کے مقام پر ٹیچر فاؤنڈیشن فنڈ کے ذریعے کمرشل پلازہ کی تعمیر ، محکمہ تعلیم کے منصوبہ سیکٹرریفارم پراجیکٹ کے تحت قابل ادائیگی کے گئے امور کے خلاف ادائیگی کا منصوبہ ، DCRIPپراجیکٹ کے تحت ضلع بھمبر میں کھانی دا پھل کے مقام پر زرعی تنصیبات کی حفاظت اور ضلع کوٹلی میں دخاڑی پارک کی حفاظت کے لیے دریائے پونچھ کے ساتھ حفاظتی سٹرکچر کی تعمیر ، ضلع باغ میں منگ بجری کے مقام پر نالہ ماہل اور نالہ ملوانی ، اور چھتر نمبر دو کے مقام پر نالہ ماہل کے ساتھ حفاظتی سٹرکچر کی تعمیر ، مظفرآباد کے مقام پر فوڈ کنٹرول اتھارٹی کا قیام ، شمالی اضلاع کے عدالتوں سے فیصلہ شدہ معاوضہ اراضی کے معاملات کا منصوبہ ، ضلع کوٹلی اور میر پور میں ہائی کورٹ ؍شریعت کورٹ سرکٹ بینچ عمارت کی تعمیر ، ضلع کوٹلی میں منڈی پیراں کے مقام پر دریائے پونچھ کے ساتھ حفاظتی دیوار کی تعمیر ، محکمہ مزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کی استعداد کار میں اضافہ کا منصوبہ ، ضلع بھمبر میں پریس کلب کی تعمیر اور بار روم کی تزین و آرائش ، ضلع باغ میں قادر آباد کے مقام پر نالہ ماہل کے کنارے حفاظتی پشتوں کی بحالی ، باغ شہر کی خوبصورتی اور ضلع باغ کے ترقیاتی ادارہ کی سڑکات کی تعمیر ، بہترگی و پختگی ، ضلع کوٹلی میں کوٹلی نکیال روڈ پناگ گلی تا پیر ناسوراروڈ میں بہترگی وپختگی ، ضلع پونچھ میں گوئیں نالہ تا تھوراڑ (لنک روڈ کرنل مظفرہاؤس بادون براستہ لوئر نمبل)سڑک کی بہترگی و پختگی ، ضلع پونچھ میں ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر بیلی کم معلق پل کی دوبارہ تنصیب ، جھاوڑہ کے مقام پر 320فٹ سپین بر دریائے پونچھ کی تنصیب کے منصوبہ جات شامل ہیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت اورمعیاری تکمیل کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔تیسری سہ ماہی میں 85فیصد فنڈز کا استعمال عمل میں لایا جا چکا ہے جواب تک کا ایک ریکارڈ ہے جبکہ جون تک پورا ترقیاتی بجٹ شفاف انداز میں خرچ کر لیا جائے گا جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس سے قبل ترقیاتی ورکنگ پارٹی سے 200منصوبہ جات منظور کیے جا چکے ہیں جن پر کام جاری ہے ۔