کراچی ،رینجرز کارروائیاں ، منشیات فروش سمیت 5 ملزمان گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر اور منشیات فروش سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ترجمان کے مطابق رضویہ سوسائٹی کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کاشف معین الدین عر ف مائٹی کو گرفتار کیا ، جو ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ۔ رضویہ سوسائٹی میں رینجرز نے کارروائی ملزم ناصر کو گرفتار کر لیا ، جس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ۔ ملزم اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث ہے ۔ ماڈل کالونی کے علاقے میں رینجرز کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان وقار علی اور محمد فہد کو گرفتار کیا ، جو ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ ڈیفنس کے علاقے میں ایک اور کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقاص حسین خان کو گرفتار کیا ، جو ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقں میں آئس ، کرسٹل ، نشے کی گولیاں اور منشیات فروشی جیسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث ہے ۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ، ایمونیشن ، مسروقہ سامان اور بھاری تعداد میں منشیات بھی برآمد کر لی گئی ہے ۔ ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔