ایڈوانس مائیکر و فنانس بینک نے نیا لوگو اور برانڈ کی شناخت متعارف کرادی

ایڈوانس مائیکر و فنانس بینک نے نیا لوگو اور برانڈ کی شناخت متعارف کرادی

کراچی (اکنامک رپورٹر) ایڈوانس پاکستان مائیکروفنانس بینک (Advans Pakistan Microfinance Bank)نے اپنا نیا لوگو اور برانڈ کی نئی شناخت متعارف کروا دی۔ ایڈوانس پاکستان مائیکروفنانس بینک کا نیا لوگو اور اس کی نئی برانڈ آئیڈینٹٹی پانچ سال کے مختصر عرصے میں کمپنی کی حاصل کی گئی کامیابیوں اور پاکستان میں مائیکروفنانس کے شعبے میں مثبت رجحانات کو متعارف کروانے کے کمپنی کی عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس ضمن میں منعقد ہونے والی تقریب رونمائی کے دوران ریگولیٹری اداروں ، مائیکروفنانس اور لارج فنانس سیکٹر کے سینئر نمائندوں کے ساتھ ساتھ ایڈوانس کے صارفین، صحافی اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔ ایڈوانس مائیکروفنانس بینک کا یقین ہے کہ دیرپا معاشی اور معاشرتی ترقی کیلئے نجی کاروبار کے شعبے کی ترقی لازمی ہے اور اپنے اسی یقین کی بنیاد پر یڈوانس مائیکروفنانس بینک مختلف شعبوں میں کاروبار کا آغاز کرنے کی خواہش رکھنے والوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انتظامی اور کاروباری معاملات میں رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے۔ کراچی کے علاقے محمود آباد میں جنوری 2013 میں اس کا پہلا دفتر قائم کرنے کے بعد سے ایڈوانس نے تیزی کے ساتھ پیش رفت کی اور اب کراچی میں 9 مختلف مقامات پر موجودگی کے ساتھ یہ ادارہ حیدرآباد اور لاڑکانہ میں بھی ایک ایک مقام پر خدمات فراہم کر رہا ہے۔ اس وقت ادارے کے 8 ہزار سے زائد فعال قرض دہندہ گان ہیں اور مجموعی طور پر 70 کروڑ روپے سے زائد قرضہ جات کا پورٹ فولیو ہے۔ اس ایم بی ایف کے ڈیپازٹس 50 کروڑ روپے سے زائد ہیں جبکہ مجموعی طور پر کلائنٹس کی تعداد 16 ہزار ہے۔ تقریب کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایڈوانس پاکستان کے سی ای او زین العابدین عثمانی نے کہا، "ہم نے اپنے برانڈ کی وضع میں تبدیلی اس کو اپنے مشن کی مناسبت سے زیادہ متحرک اور واضح کرنے کیلئے کی ہے۔ ہمارا مشن ہے کہ چھوٹے کاروبار سے منسلک افراد کو ان کی ضرورت کے مطابق ذمہ دارانہ طریقے سے مالیاتی سہولت اور دیگر مسائل کا طویل المعیاد حل فراہم کریں ۔ اپنی نئی شناخت کی مناسبت سے ہمارا ارادہ ہے کہ صارفین کو اعلیٰ معیار کی کسٹمر کیئر فراہم کریں جو ان کی ضرورت کے عین مطابق ہو۔ ہم مارکیٹ کے تبدیل ہوتے ہوئے ماحول کے مطابق مختلف جدید پروڈکٹس متعارف کروانے کیلئے کوشاں ہیں۔ خدمات میں ڈیجیٹلائیزیشن اور نئے طریقوں کے رائج ہونے سے ہماری مہارت اور رسائی کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کے لئے پاکستان آنے والے چیئرمین ایڈوانس پاکستان اور ڈائریکٹر ایڈوانس ایس اے کلاڈے فلاگن نے اس تبدیلی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "یہ نئی شناخت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہم خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ایک اور اہم بات یہ ہے کہ ہم صارفین کے کامیاب مستقبل کی تعمیر کیلئے ان کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں ۔ پاکستان میں بھرپور مواقع اور امکانات ہیں اور ہمارا کامل ارادہ ہے کہ ہم ان امکانات کو بھرپور طریقے سے استعمال کرتے ہوئے مائیکروفنانس کے مکمل شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔"

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...