پی ٹی آئی نے سیف اللہ خاندان سے انتخابی اتحاد کرلیا

پی ٹی آئی نے سیف اللہ خاندان سے انتخابی اتحاد کرلیا

پشاور(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں سیف اللہ برادران کیساتھ انتخابی اتحاد کرلیا ہے،آئندہ انتخابات کے دوران تحریک انصاف سیف اللہ برادران کیساتھ مل کر الیکشن لڑے گی ، انتخابی اتحاد کے معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کا باضابطہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور سلیم سیف اللہ خان اتوار کو پشاور میں پریس کانفرنس کے دورا ن کریں گے.

2018کے عام انتخابات قریب آتے ہی ملک میں انتخابی اتحادوں اور سیاسی وفاداریاں بدلنے کا موسم شروع ہو چکاہے اور تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابات کیلئے صف بندیاں اور تیاریاں تیز کردی ہیں، خیبر پختونخوا کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کیلئے اس کی دونوں اتحادی جماعتوں قومی وطن پارٹی اور جماعت اسلامی کیساتھ انتخابی اتحاد کے دروازے بند ہونے کے بعدپی ٹی آئی نئے اتحادیوں کی تلاش کیلئے سرگرم ہے.

اسی تناظر میں تحریک انصاف نے جمعیت علمائے اسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے بعد اب خیبر پختونخوا کے نامور سیاسی خاندان ” سیف اللہ برادران“ کیساتھ انتخابی اتحاد کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں

روزنامہ جنگ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی سیف اللہ برادران کیساتھ انتخابی اتحاد کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور سلیم سیف اللہ خان کے مابین انتخابی اتحاد کے معاملات فائنل ہوگئے ہیں ، اخباری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور سابق وفاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان اتوار کے روز سہ پہر تین بجے وزیر اعلیٰ ہاﺅس پشاور مشترکہ پریس کانفرنس میں آئندہ انتخابات کے دوران انتخابی اتحاد کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق 2018کے انتخابات کے دوران خیبر پختونخوا خاص کر جنوبی اضلاع میں سیف اللہ برادران اور ان کے حامی امیدواروں کو تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہوگی اور پی ٹی آئی ان کے مقابلہ میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرے گی ، اس سلسلے میں سابق وفاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان نے بتایا کہ تحریک انصاف اور ان کی سوچ اور نظریہ بالکل ایک ہے ہم بھی ملک اور صوبہ کی ترقی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کیساتھ ان کے پرانے اور دیرینہ مراسم ہیں اسی بنا پر انہوں نے تحریک انصاف کیساتھ انتخابی اتحاد کا فیصلہ کیا ،سیف اللہ برادران کا ملک اور صوبہ کی سیاست میں اہم کردار رہا ہے ، انہوں نے کہاکہ وہ اتوار کو وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ہمراہ پشاور میں پریس کانفرنس کرکے انتخابی اتحاد کی تمام تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔

مزید : علاقائی /خیبرپختون خواہ /پشاور

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...