قرآن مجید کے انتہائی نادر اور نایاب نسخے زیارت کے لیے فیصل مسجد میں رکھ دیئے گئے ،ممبر سی ڈی اے محمد یاسر پیرزادہ کی نسخہ جات کی حفاظت کے لئے اہم اقدامات 

قرآن مجید کے انتہائی نادر اور نایاب نسخے زیارت کے لیے فیصل مسجد میں رکھ دیئے ...

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )فیصل مسجد اسلام آباد میں قرآن مجید کے انتہائی نادر اور نایاب نسخے عوام الناس کی زیارت کے لیے رکھ دیئے گئے ہیں۔ یہ قدیمی نسخے زاہد بٹ نے ہدیہ کئے ہیں۔ جمعہ کے روز سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے فیصل مسجد کا دورہ کیا اور فیصل مسجد میں رکھے گئے ان نادر قرآنی نسخوں کی زیارت کی اور فیصل مسجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فیصل مسجد آنے والے لوگوں کو ان قرآنی نسخوں کے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا جائے اور فیصل مسجد میں نمایاں مقامات پر ان قرآنی نسخوں کی مسجد میں موجودگی سے متعلق عوام الناس کو بتایا جائے۔

یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں

اس موقع پر ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیرزادہ نے کہا کہ ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمارے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ان نادر ، نایاب اور قدیمی قرآنی نسخوں کو مسجد میں رکھنے کی ہمت اور توفیق دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قرآنی نسخوں میں کئی نسخے کئی سو سال پرانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ انچ سائز کے قدیمی قرآنی نسخے عوام الناس کے لیے بہت منفرد اور نایاب تحفہ ہیں اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی با برکت کتاب قرآن مجید سے مسلمانوں کا والہانہ عشق ہے اور انتہائی چھوٹے سائز کے قرآن مجید کو دیکھنے سے ایمان تازہ ہو جاتا ہے ۔

ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیرزادہ نے کہا کہ ان قلمی نسخوں میں مسلمانوں کی شاندار خطاطی کی جھلک نمایاں ہے۔ انہوں نے ہدیہ کرنے والے زاہد بٹ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اتنا عظیم تحفہ سی ڈی اے کو دیا ہے جس سے راولپنڈی و اسلام آباد کے علاوہ ملک بھر سے فیصل مسجد آنے والے لوگ مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اسلام آباد/راولپنڈی کے ہزاروں شہری فیصل مسجد نماز تراویح کے لئے آتے ہیں اور ہر سال رمضان المبارک کے آخری تین دنوں میں ختم قرآن پاک کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد فیصل مسجد میں اعتکاف کی سعادت بھی حاصل کرتی ہے اس لئے ان نادر اور قلمی قرآنی نسخوں سے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے متعلقہ شعبوں کو خصوصی ہدایات کی ہیں کہ ان قیمتی نسخوں اور خطاطی کے نادر نمونوں کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں تاکہ ان قیمتی اور نادر قرآنی نسخوں کی حرمت کو یقینی بنایا جاسکے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...