ایم کیو ایم بہادر آباد کے ناراض رہنما پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہو گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) ایم کیو ایم بہادرآباد کی بھی پتنگ بھی کٹ گئی، ناراض رہنما شبیر قائم خانی پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہو گئے۔
اس موقع پر سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا شبیر قائمخانی ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں ، ہم کسی ذاتی مفاد کیلئے اکٹھے نہیں ہوئے ، ہم ایک دوسرے کی ذات پر کیچڑ نہیں اچھالتے۔ انہوں نے کہا آنے والا وقت پاک سر زمین پارٹی کا ہے ، ہماری ساری جدوجہد عام شہری کی زندگی کو بہتر کرنے کیلئے ہے۔ان کا کہنا تھا کراچی میں 18،18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ، شہریوں کا گرمی سے برا حال ہے ، وزیراعلیٰ وزیرعظم کو خط لکھ رہے ہیں ، خط سے کیا ہوتا ہے ، کیا وزیراعظم کو فون نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا ملک میں گورننس نام کی چیز نظر نہیں آ رہی ، کراچی میں لوڈشیڈنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے ، چیف جسٹس کراچی میں لوڈشیڈنگ کا ازخود نوٹس لیں۔