بھارت ، ٹرین میں قائم ہسپتال سے غریبوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا
نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں لائف لائن نامی ایک ٹرین میں قائم ہسپتال نے پسماندہ اور غریب لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کردیا ہے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے بھاوری دیوی نامی ایک ان پڑھ مزدور پیشہ خاتون نے بتایا کہ جب گزشتہ ماہ اس کی سماعت کی حس ختم ہوئی تو وہ سمجھیں کہ موت کے منہ میں جارہی ہیں جس پر وہ مغربی بھارت کی ریاست راجستھان میں واقع اپنے دوردراز گاؤں کے سرکاری ہسپتال میں علاج کے لیے گئیں مگر اس ہسپتال میں سپیشلسٹ موجود نہ تھا۔قریب ترین پرائیوئٹ ہسپتال پڑوس کی ریاست، گجرات میں تھاجس کے لیے بھاوری دیوی کو بتایا گیاکہ سرجری پر 50 ہزار بھارتی روپے خرچ ہوں گے۔بھاوری دیوی کے مطابق اس کے پاس تو علاج کے لیے5 ہزار روپے بھی نہ تھے اور وہ مایوسی میں واپس اپنے گھر واقع جیلور آگئی۔ چند روز بعد یہ خبر آئی کہ اسپیشلسٹ ڈاکٹرز یہاں آرہے ہیں اور اسے بھی مفت علاج ملے گاجس کے بعد اپریل کے اوائل میں ،7 کوچز پر مشتمل لائف لائن نامی ٹرین وہاں پہنچی جسے ایک ہسپتال میں تبدیل کیا گیا تھا ۔
یہ ٹرین کم ہسپتال گزشتہ27 برس سے بھارت بھر میں ایسے علاقوں میں جہاں دیوی جیسے لوگ رہتے ہیں اور صحت عامہ کی سہولت جہاں میسر نہ وہاں علاج فراہم کررہی ہے۔مودی حکومت نے اس سال فروری میں ایک سکیم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد ہیلتھ انشورنس سکیم کا دائرہ کار پچاس کروڑ افراد تک وسیع کرنا ہے تاہم ان کے ناقدین کا کہنا تھاکہ یہ منصوبہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکے گاجب تک صحت عامہ کا نظام ڈرامائی طور پر بہتر نہ ہوجائے۔