آئندہ الیکشن میں موقع ملا تو کراچی کو بھی لاہور بنا دوں گا: شہباز شریف
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں موقع ملا تو کراچی کو بھی لاہور بنا دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہناتھا کہ کراچی والو! اب ن لیگ کو آزماؤ،بھٹو شہید کا نام لینے والوں نے لاڑکانہ کا بھی حشر کردیا ہے۔کراچی کے اربوں روپے جیبوں میں ڈالے گئے لیکن ملک میں اب کسی کو لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے،آئندہ الیکشن میں موقع ملا تو کراچی کو بھی لاہور بنا دوں گا۔ہماری حکومت آئی تو کراچی کی گلی گلی صاف ہوگی 6ماہ میں شہر سے کوڑا کرکٹ ختم کر دیں گے، کراچی کے گھر گھر میں پانی پہنچائیں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران اور زرداری ایک سکے کے 2رخ ہیں یہ دونوں بغیر ہاتھ ملائے ایک دوسرے کو ووٹ دے کر ساتھی بن گئے ہیں ۔زرداری صاحب کہتے ہیں کہ وہ پھر سے حکومت بنائیں گے اور اس کا مطلب ہے کہ ایک بار پھر لوٹ مار ہوگی۔تھر کوئلے سے ہزاروں میگا واٹ بجلی بنائی جا رہی ہے ، یہی نہیں نواز شریف کی قیادت میں 10ہزار میگا واٹ بجلی نظا م میں شامل کی گئی ۔