عہد تمیمی کو حراست میں رکھنا عالمی قوانین کی پامالی ہے:ایمنسٹی انٹرنیشنل
لندن(اے این این )انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم ایمنسٹی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فوجی کو تھپڑ مارنے کی پاداش میں اسرائیلی جیل میں قید کم سن فلسطینی لڑکی عہد تمیمی کی رہائی کے لیے اسرائیل پر دبا ؤڈالے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی بچوں کو تحفظ فراہم کرنے، انہیں جیلوں میں قید کرنے کی پالیسی ترک کرنے اور زیرحراست کم عمر افراد کو عالمی قوانین کے تحت مناسب ماحول فراہم کرنا صہیونی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اسرائیلی حکومت کم عمر فلسطینی مزاحمت کارہ کو فوری طورپر رہا کرے کیونکہ اس کی گرفتاری عالمی قوانین کی پامالی ہے۔اسرائیلی فوج نے عہد تمیمی کو 15 دسمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان القدس کے چند روز کے بعد حراست میں لے لیا تھا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے تمیمی کے چچا زاد 14 سالہ محمد کے سرمیں گولیاں مار کر شہید کردیا تھا جس کے بعد عہد نے غصے میں آ کر اپنے گھر میں گھسنے والے صہیونی فوجیوں کو دھکے دے کر باہر نکال دیا تھا۔واضح رہے کہ اسرائیلی عقوبت خانوں میں قید فلسطینیوں میں عہد تمیمی واحد فلسطینی بچی نہیں بلکہ زندانوں میں کم سے کم 350 فلسطینی بچے پابند سلاسل ہیں۔ میں سے بعض کی عمریں 16سال سے بھی کم ہیں۔