اداکارہ فجرعلی خان کی ناگہانی موت پر شوبز انڈسٹری افسردہ

اداکارہ فجرعلی خان کی ناگہانی موت پر شوبز انڈسٹری افسردہ

  

لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ وماڈل فجرعلی خان کی ناگہانی موت نے فیشن انڈسٹری سمیت شوبز کے دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کو افسردہ کر دیا ہے۔فجرعلی چند روز پہلے ہونے والے اپنڈکس کی وجہ سے انتقال کر گئیں جن کی موت کی خبر گزشتہ روز وائرل ہوئی جس پر بے شمار افراد نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔فجرعلی کا تعلق ملتان سے تھا جہاں انہوں نے کیرئر کا آغاز تھیٹر سے کیا۔

معروف ڈائریکٹر ڈاکٹر اجمل ملک کے مشورے پر وہ قسمت آزمائی کے لئے لاہور آگئیں جہاں انہوں نے تھیٹر پر کام کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ اور اداکاری کے لئے جدوجہد کی۔فجر علی تھیٹر پر انمول نور کے نام سے کام کرتی رہیں جس کے بعد انہوں نے اپنا نام شنائل نور بھی رکھا۔فجر علی نے کچھ عرصہ پہلے معروف فیشن فوٹو گرافر عبدالقیوم کے ساتھ کیرئر کا آغاز نئے سرے سے کیا اور انہی کے مشورے پر نام بھی تبدیل کیا۔ تھوڑے ہی عرصہ میں فجر علی نے کئی بڑے برانڈز کے ساتھ کام کرکے تیزی سے جگہ بنالی۔اپنی وفات سے چند روز پہلے فجر نے بتایا تھا کہ وہ ٹی وی پر بھی کام کرنا چاہتی ہیں لیکن قسمت نے انہیں موقع ہی نہ دیا اور اچانک دنیا چھوڑ گئیں۔شوبز سے وابستہ بے شمار افراد نے فجر علی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزید :

کلچر -