گجرات، پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ مشاق گر کر تباہ، 2پائلٹ شہید

  گجرات، پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ مشاق گر کر تباہ، 2پائلٹ شہید

  

گجرات/اسلام آباد (بیورورپورٹ،نیوز ایجنسیاں) پاک فوج کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گجرات کے علاقے چوپالہ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا،حادثے میں انسٹرکٹر میجر عمر اور تربیت پانے والے لیفٹیننٹ فیضان شہید ہوگئے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی،وزیراعظم عمران خان،شہبازشریف سمیت سیاسی وعسکری قیادت کا طیارہ حادثے پر اظہار افسوس۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کا مشاق طیارہ تربیتی پرواز کے دوران فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا،حادثے میں شہید ہونے والے میجرعمر کا تعلق گجرات سے تھا،میجرعمر شہید نے سوگواروں میں ایک بیوہ چھوڑی ہیں جبکہ لیفٹیننٹ فیضان شہید کاتعلق کلرکہارسے تھا۔حادثے کے وقت دیہاتیوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، ڈی ایس پی حافظ سعید اور پولیس تھانہ صدر کے ایس ایچ او الطاف حسین گوہرنے ہجوم کو منتشر کیا جبکہ پاک فوج کی ٹیم شہداء کی نعشیں ساتھ لے گئی جبکہ حادثے کی جگہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی،وزیراعظم عمران خان نے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس نے پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جام شہادت نوش کرنے پر میجر عمر اور لیفٹیننٹ فیضان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے آرمی ایوی ایشن کے تربیتی طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ائیر چیف نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے اہل خانہ کو صبرجمیل عطا فرمائے۔وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے پاک فوج کا طیارہ گرنے پر گہر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کے لئے پاک فوج کی خدمات اور قربانیاں نا قابل فراموش ہیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے طیارہ حادثے میں شہید ہونیوالے دونوں پائلٹس کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واؤڈا نے شہید ہونیوالے پائلٹس انسٹرکٹر میجر عمر اور لیفٹیننٹ فیضان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نیر بخاری، شیری رحمان،نفیسہ شاہ اورجاپان کے سفیر نے تربیتی طیارے کے حادثہ پر اظہار تعزیت کیا ہے۔اپنے بیانات میں انہوں نے کہا کہ گجرات کے قریب پاک آرمی کے تربیتی طیارے کے حادثہ میں دو نوں پائیلٹس کی شہادت پر دکھ ہوا، شہیدوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

طیارہ حادثہ

مزید :

صفحہ اول -