صوبے ایئر پورٹ کھولنے پر آمادہ، پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو واپس لائییں گے: شاہ محمود

  صوبے ایئر پورٹ کھولنے پر آمادہ، پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو واپس لائییں گے: ...

  

اسلام آباد (این این آئی)و زیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صوبوں نے ائیر پورٹ کھولنے پر آمادگی کا اظہار کر دیا،منگل سے شروع ہونے والے آپریشن میں زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو وطن واپس لا سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمینٹ میں منعقدہ خصوصی کمیٹی برائے کرونا وبا ء کے دوسرے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت تک 39748 پاکستانی بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات میں بہت سے ایسے پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں جو اس وبا کی وجہ سے روزگار سے محروم ہو چکے ہیں اب تک 1640 پاکستانیوں کو 12 خصوصی فلائیٹس کے ذریعے واپس لایا گیا ہے،ان 1640 مسافروں میں سے ترکی سے آنیوالے 22 مسافر اور چھ دوسری فلائٹس سے کرونا مثبت آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تبلیغی جماعت سے وابستہ2248پاکستانی، وطن واپسی کے منتظر ہیں جو اس وقت انڈونیشیا، کینیا یوگنڈا، اور سوڈان میں موجود ہیں،اگلا مرحلہ (آج) منگل سے شروع ہو رہا ہے جنہیں 9 پروازوں سے لایا جائے گا،ان میں بیرون ممالک میں مقید پاکستانی بھی شامل ہیں۔،نیپال میں ہمارے 14 پاکستانی جبکہ مالدیپ میں 04 پاکستانی واپسی کے منتظر ہیں انہیں ایک جگہ، ایک اسٹیشن پر اکٹھا کر کے، واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی بھی واپس آنا چاہتے ہیں طلبہ واپس آنا چاہتے ہیں لہٰذایہ 40ہزار سے بڑھ سکتی ہے،ہمیں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل اپنانا ہو گا،وزارت خارجہ، اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے درخواست کروں گا کہ آپ اس صورت حال کے پیش نظر تحمل کا مظاہرہ کریں۔انہیں وطن واپس لانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم انشاء اللہ اس ضمن میں ہر ممکنہ اقدام اٹھائیں گے۔

شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -