کرونا وائرس کو اجتماعی کاوشوں اور مشترکہ حکمہ عملی کے تحت کنٹرول کرینگے: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کے موذی مرض کو اجتماعی کاوشوں اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت کنٹرول کریں گے۔ پنجاب حکومت ہر وہ اقدام اٹھا رہی ہے جس سے کرونا وباء پر قابو پایا جاسکے اور دیہاڑی طبقے کو ریلیف بھی مل سکے۔کرونا وباء کے سدباب کیلئے بروقت لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے اور پنجاب حکومت کروناوباء پر قابو پانے کیلئے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی صحت اورجان کی حفاظت سرفہرست ترجیح ہے، اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام گھروں میں رہیں گے تو کوروناوائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے۔ مختلف شہروں کے دورے کرکے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔پنجاب کے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا بچانا میرا مشن ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ کرو نا وباء نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں معمولات زندگی کو متاثر کیاہے۔ پابندیوں کے باعث دیہاڑی دار طبقے کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے اور کمزور لوگوں کو ریلیف دینا تحریک انصاف کی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ حکومت کو متاثرہ لوگوں کی مالی مشکلات کا احساس ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مستحق خاندانوں کیلئے بے مثال مالی امداد کا پروگرام شروع ہو چکاہے اور ترقی پذیر ممالک میں پاکستان پہلا ملک ہے جس نے کمزور طبقات کو ریلیف دینے کیلئے مالی امداد کا پیکیج دیاہے۔ مستحق خاندانوں کو ان کا حق ہر صورت پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مالی امداد کا پروگرام انتہائی شفاف ہے اور یہ وقت سیاست سے بالاتر ہوکر متاثرہ خاندانوں کی مدد کا ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورنر ہاؤس میں رکن صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان کی صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عبدالعلیم خان کو صوبائی وزارت کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گجرات کے قریب تربیتی طیارہ گرنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے طیارہ حادثہ میں شہید انسٹرکٹر میجر عمر اور شہید لیفٹیننٹ فیضان کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید انسٹرکٹر میجر عمر اور شہید لیفٹیننٹ فیضان نے اپنی زندگیاں فرض کی ادائیگی پر قربان کیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی فوج کی گولہ باری سے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
عثمان بزدار