سٹاک مارکیٹ مندی کا شکار، ڈالر 20پیسے او رسونا فی تولہ 1400روپے مہنگا

سٹاک مارکیٹ مندی کا شکار، ڈالر 20پیسے او رسونا فی تولہ 1400روپے مہنگا

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے باعث کے ایس ای100انڈیکس ایک ہزارپوائنٹس کی کمی سے31032.99پوائنٹس کی سطح پرآ گیا، جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت ایک کھرب 56 ارب66کروڑ60لاکھ روپے کم ہو گئی۔ سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبارکے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی فروخت کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث مارکیٹ میں مندی چھاگئی۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس1000.22پوائنٹس کی کمی سے31032.99پوائنٹس پر بند ہوا۔مجموعی طور پر338کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے47کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ270کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور21کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔دوسری جانب انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 20پیسے مہنگا ہوگیا، فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید 166روپے سے بڑھ کر166.20روپے اور قیمت فروخت166.50روپے سے بڑھ کر166.70روپے ہوگئی جبکہ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید166.70روپے سے بڑھ کر 166.90روپے اور قیمت فروخت167روپے سے بڑھ کر167.10روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں 3ڈالر اضافے سے فی اونس سونے کی قیمت1690ڈالر ہوگئی جس کے باعث مقامی طور پر فی تولہ سونے کی قیمت 1400روپے اضافے سے99700روپے اور10گرام سونے کی قیمت 1200روپے کے اضافے سے85476روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 960روپے مستحکم رہی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ اول -