کورونا سے مزید اموات کا خدشہ

کورونا سے مزید اموات کا خدشہ

  

وزیر اعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا سے مزید اموات ہوں گی کہ بہت سے مریض وینٹی لیٹر پر ہیں کورونا کے متاثرین کی صحت یابی کے حوالے سے انہی مشیر صاحب نے مبارک دی تھی کہ پاکستان میں صحت یابی کی شرح دنیا بھر سے زیادہ ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کی وزیر صحت بھی ریکارڈ پر ہیں کہ انہوں نے بھی یہی کہا تھا لیکن اب محترم ڈاکٹر ظفر مرزا نے تشویش پیدا کر دی ہے اس سے تو یہ تاثر ملتا ہے کہ کورونا کے صحت یاب ہونے والے مریض وہ ہیں جن کا ٹیسٹ جلد ہو گیا اور قرنطینہ میں ان کا علاج ہوا مطلب یہ کہ ابتدائی علامات والے مریض صحت یاب ہوئے اور تاخیر والے زیادہ تر اللہ کو پیارے ہو گئے۔ اس خدشے میں شدت پیدا ہوئی کہ زیادہ متاثرین خطرے میں ہوں گے۔ اب تو اور بھی ضروری ہے کہ جلد از جلد ٹیسٹ مکمل کئے جائیں، تاکہ تاخیر کے سبب متاثرین زیادہ خطرے سے دوچار نہ ہوں ایسے میں نرم لاک ڈاؤن پر بھی سوالات اٹھیں گے اور اس کا جواب سب حکومتوں کو دینا ہو گا یہاں تو افسوسناک صورت حال یہ ہے کہ وفاقی حکومت یہ کام چھوڑ کر سندھ حکومت کے خلاف محاذ کھول بیٹھی حالانکہ خود حکمران اتحاد کی بات کرتے ہیں۔ کیا یہ اتحاد یکطرفہ اپوزیشن کی طرف سے ہتھیار ڈالنے اور حکومت کی ہر بات پر صاد کرنا ہو گا، کیا یہ ممکن ہے؟ حکومت کو خود غور کرنا اور محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہئے۔

مزید :

رائے -اداریہ -