دیگر امراض سے مرنیوالوں کی میتیں وطن واپس لائینگے، غلام سرور

  دیگر امراض سے مرنیوالوں کی میتیں وطن واپس لائینگے، غلام سرور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(این این آئی) وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت بیرونِ ملک انتقال کرجانے والے ان پاکستانیوں کی میتیں خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس لائے گی جن کی موت کرونا وائرس کے بجائے کسی اور مرض کی وجہ سے ہوئی ہو۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہم بیرونِ ملک سے ان پاکستانی شہریوں کی میتیں لانے کو تیار ہیں جن کا انتقال کووِڈ 19 کے بجائے کسی اور بیماری سے ہوا ہو۔سمندر پار وہ پاکستانی جن کی ملازمتیں ختم ہوگئیں ہیں اور اب وہ وطن واپس آنا چاہتے ہیں سے متعلق غلام سرور خان نے کہا کہ وفاقی حکومت متحدہ عرب امارات یا خلیجی ممالک سے ان پاکستانیوں کو ملک میں واپس لانے کے لیے ایک پالیسی تیار کررہی ہے جنہیں نوکریوں اور مستقل یا عارضی طور پر نکال دیا گیا ہو۔وزیر ہوا بازی نے کہاکہ جب صورتحال معمول پر آئیگی تو حکومت کی اولین ترجیح ان شہریوں کو واپس بھیجنا ہوگی جن کی نوکریاں عارضی طور پر ختم ہوئی ہیں کیوں کہ بیرونِ ملک کام کرنے والے پاکستانی حکومت کے لیے زرِ مبادلہ کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں جو سالانہ 21 سے 25 ارب ڈالر ملک میں بھیجتے ہیں۔وزیر ہوا بازی کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث انتقال کرنے والے مریضوں یا مشتبہ افراد کی میتوں کی تدفین کے لیے ہدایات جاری کردی گئی تھیں۔ان ہدایات کے مطابق کورونا وائرس سے مرنے والے مریضوں کی تدفین یا آخری رسومات کا انتظام متعلقہ سرکاری حکام اہلِ خانہ کے حقوق، عوام کے وائرس سے متاثر ہونے کے خطرے اور موت کی وجہ کی تحقیقات کی ضرورت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کریں گے۔
غلام سرور

مزید :

صفحہ آخر -