قومی سطح پر ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور احترام کی فضا کو برقرار رکھنا ضروری: اسد قیصر

    قومی سطح پر ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور احترام کی فضا کو برقرار رکھنا ...

  

اسلام آباد (آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے بین الاقوامی سطح پر پھیلاؤ اور پاکستان پر اس کے اثرات کے سبب گزشتہ کچھ دنوں سے تبلیغی جماعت کے ارکان، ایران سے آنیوالے زائرین اور بیرون ممالک میں قید پاکستانیوں کو پیش آنیوالی مشکلات الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں جن کے باعث عوام میں اضطراب پایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر بھی پیغامات موصول ہوئے اس لیے انہوں نے مناسب سمجھا کہ تمام متعلقہ وزارتوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو متاثرہ فریقین کے نمائندوں کو اعتماد میں لے کر ان کے مسائل کا حل تلاش کرے۔ کمیٹی نے تبلیغی جماعت اور زائرین کے مسائل پر دلجمعی سے ان کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کیا اور مصدقہ اعداد و شمار اکٹھا کرکے متعلقہ وزارتوں کو دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی اور وزارت داخلہ، صحت، امور خارجہ اور ایوی ایشن ڈویژن کے سیکریٹریوں کیساتھمشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔سپیکر نے کہا کہ زائرین اورتبلیغی جماعت کے مسائل کو حل کرنے کیلیے چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ اور آزادکشمیر کے وزیر اعظم کو بھی آن بورڈ لیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ قومی سطح پر ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور احترام کی فضا کو برقرار رکھنا سب سے زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے سکالرز سے رابطہ کیا اور ان سے رہنمائی کے لئے کہا ہے، انہوں نے اپنی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر علمائے کرام کے ذریعہ اس پیغام کو اجاگر کریں کے کرونا وائرس عالمی وبا جس کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ یہ کسی ایک فرد یا گروہ کی وجہ سے نہیں اور نہ ہی اسے انفرادی سطح پر حل کیا جاسکتا ہے۔قبل ازیں سپیکر اسد قیصر کے زیر صدارت کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کیلئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں متعلقہ محکموں کی جانب سے کرونا وائرس کے سلسلے میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر برائے امور خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی اور وزارت داخلہ، صحت، امور خارجہ اور ایوی ایشن ڈویژن کے سیکرٹریوں نے بریفنگ دی۔

اسد قیصر

مزید :

صفحہ آخر -