پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن شدید مالی بحران کا شکار
لاہور (آن لائن)پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے مالی بحران سے نکلنے کیلئے حکومت سے فنڈز مانگ لئے۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ٹی ڈی سی پی کے حکم پر ایم ڈی تنویر جبار نے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کو تحریری طور پر سمری ارسال کر دی ہے۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹی ڈی سی پی موجودہ صورتحال میں شدید مالی بحران کا شکار ہو گیا ہے، ذریعہ آمدن کے تمام منصوبے بند ہونے کے باعث ادارہ سخت مالی مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔ تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر ضروری اخراجات کے لئے ادارہ کے خزانہ میں فنڈز دستیاب نہیں ہیں۔ ٹی ڈی سی پی کے انتظامی اور مالی امور کی انجام دہی کے لئے 10 کروڑ 70 لاکھ روپے کے فنڈز فوری طور پر فراہم کیے جائیں، ٹی ڈی سی پی انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سمری کے مطابق فنڈز کی فراہمی سے ادارہ مالی بحران سے نکل سکتا ہے، صوبائی حکومت کی طرف سے فنڈز کی عدم فراہمی کی صورت میں ٹی ڈی سی پی مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا۔ دوسری طرف ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹی ڈی سی پی موجودہ صورتحال کی وجہ سے مالی بحران کا شکار نہیں ہوا۔ سیکرٹری اور ایم ڈی کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے ٹی ڈی سی پی مالی بحران کا شکار ہوا ہے کیونکہ ادارے کی آمدن کا واحد ذریعہ پٹریانہ چیئر لفٹ گزشتہ ایک سال سے بند ہے، پٹریاٹہ چیئر لفٹ کی بندش کی وجہ سے ادارے کو 20 کروڑ روپے کے سالانہ مالی خسارے کا سامنا ہے۔
بحران کا شکار