شہر میں پھیلے کچرے کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے، روشن شیخ

شہر میں پھیلے کچرے کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے، روشن شیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ حکومت سندھ روشن علی شیخ نے صوبے بالخصوص کراچی میں کچرے کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے اقدمات کو مزید موثر اور بہتر بنانے کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویڈیو لنک میٹنگ کے ذریعے سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو احکامات دئیے کہ کارونا لاک ڈاون کے تناظر میں مقررہ مقامات سے باقاعدگی کے ساتھ کچرا اٹھانے کا عمل جاری رکھا جائے اور عوامی حفاظت کے پیش نظر کسی بھی طرح کی سستی اور کاہلی برتنے والے افسران اور عملے کے ساتھ سخت ترین سرزنش کی جائے۔ روشن علی شیخ نے کہا کہ وزیر بلدیات سندھ کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ بلدیات سندھ چوبیس گھنٹے فعال اور میدان عمل میں موجود ہے اور تمام افسران سمیت، معاون عملہ اور ذیلی ادارے بھی اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہے ہیں۔ سیکرٹری بلدیات سندھ کے مطابق کراچی میں کچرے کے معاملات پر حکومت سندھ کی گہری نگاہ ہے اور اس ہی مقصد کے پیش نظر ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکو چوبیس گھنٹے، شفٹوں کی صورت میں خدمات سر انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دوران میٹنگ روشن علی شیخ نے ڈپٹی کمشنر حضرات اور میونسپل کمشنر صاحبان کو ان کے علاقوں میں صفائی کے انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران بھی محکمہ بلدیات سندھ نے اپنے تمام ماتحت شعبہ جات میں ہنگامی حالت کا نفاذ کررکھا ہے جس کی بدولت کسی بھی جگہ کچرے کی موجودگی نے غیر معمولی رخ اختیار نہیں کیا اور صحت عامہ کی صورت حال کو موثر بنانے کے لئے تمام میونسپل کمشنرز، یونین کمیٹیوں، ضلعی دفاتر اور ڈپٹی کمشنر حضرات کو واضع احکامات دئیے گئے ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمات کا سلسلہ لاک ڈاون کے روزاول سے ہی پوری رفتار سے جاری ہے، کیونکہ حکومت سندھ نے روزانہ کی بنیاد پر عوام کو دی جانے والی سہولیات کو بلا تعطل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر پوری تندھی کے ساتھ عمل جاری ہے۔