وزیر اعلی سندھ الزام تراشیوں کی سیاست بند کریں،خرم شیر زمان

وزیر اعلی سندھ الزام تراشیوں کی سیاست بند کریں،خرم شیر زمان

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ الزام تراشیوں کی سیاست کو بند کریں۔ان ہنگامی حالات میں بھی سندھ حکومت کو سیاست کی پڑی ہے۔لاکھوں لوگ بے روزگار ہیں اور انکے گھروں میں فاقے پڑ رہے ہیں، وزیر اعلی انکی مشکل کے حل کے لیے سدباب کریں۔ ان خیالات کا اظہارخرم شیر زمان نے انصاف ہاوس سے جاری بیان میں کیا۔ رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ یورپ اور امریکہ کی مثالیں دیتے ہیں مگر انکی تقلید نہیں کرتے۔ امریکہ اور یورپ نے لاک ڈاون سے قبل لوگوں کے لیے راشن کا انتظام کیا۔سندھ حکومت نے تو عوام کے راشن کے لیے مختص رقم میں ہی کرپشن کر ڈالی۔جب پوری دنیا میں موت کا خوف جاری ہے اس وقت بھی سندھ حکومت کو مال بنانے کی پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جیسا ریلیف پیکج ملکی تاریخ میں کسی حکمران نے نہیں دیا۔ وفاقی حکومت جیسے اقدمات کسی نے نہیں کیے۔وزیر اعظم عمران خان روز اول سے یہی کہہ رہے ہیں کہ ہم مکمل لاک ڈاون کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ہماری اکثریت یومیہ اجرت پیشہ افراد کی ہے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ حکومت سندھ بوکھلاہٹ میں غلط فیصلے کر ہی ہے۔ عوام میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، سندھ حکومت لاک ڈاون میں توسیع سے قبل آگے کا لائحہ عمل بتائے کہ کس طرح غریبوں کو کھانا ملے گا۔ اگر لاک ڈاون کی وجہ سے کسی بھی غریب کی بھوک سے جان گئی تو اسکی زمہ داری وزیر اعلی سندھ پر عائد ہوگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -